Latest News

یوگی حکومت مخالف آواز کو بند کرنا چاہتی ہے، یوم خواتین سے متعلق تقریب سے نیہا سنگھ راٹھوکا خطاب، یوپی حکومت پر تنقید۔

پٹنہ:  لوک گیت سے مشہور ہوئی گلوکارہ نیہا سنگھ راٹھور آج یوم خواتین کے تعلق سے منعقد ایک تقریب میں حصہ لینے پٹنہ پہنچی اور یوگی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ میں لوک گیت کی وجہ سے جانی جاتی ہوں، میں اپنے گیت کے ذریعہ مسائل پر حکومت کی توجہ دلاتی ہوں مگر حکومت اسے برداشت نہیں کرتی، آپ جانتے ہیں کہ ابھی کچھ دنوں قبل ہی یوگی حکومت نے مجھے نوٹس بھیجا ہے اور میرے شوہر جہاں درس و تدریس کے فرائض انجام دیتے ہیں وہاں سے بھی انہیں باہر کرنے کے لیے دباؤ بنایا گیا ہے۔ حکومت انتقامی جذبے سے کام کر رہی ہے، جو ہمارے ملک کے لئے بہتر نہیں ہے۔پٹنہ کے ودھیاپتی کانفرنس ہال میں ڈیموکریٹک چرخہ کی جانب سے منعقد یوم خواتین تقریب میں نیہا سنگھ راٹھور کے علاوہ شہر کی بیس سے زائد خواتین کو ان کی خدمات کے اعتراف میں اعزاز سے نوازا گیا۔ نیہا سنگھ راٹھور نے کہا کہ بہار کی زمین زرخیز رہی ہے، مجھے بے حد خوشی ہے کہ ڈیموکریٹک چرخہ نے خواتین کے اعزاز میں یہ تقریب منعقد کر ان کا حوصلہ بڑھایا ہے، اس سطح پر اور بھی دوسری تنظیموں کو بھی آگے آنا چاہیے۔ خواتین جس کام کو بھی کرتی ہے اس میں تندہی کے ساتھ انجام دیتی ہے۔ پہلے کے مقابلے اب خواتین کو بھی معاشرے میں عزت و مقام دیا جا رہا ہے جو پہلے نہیں تھا۔ آج خواتین ہر شعبے میں نمایاں کارہائے نمایاں انجام دے رہی ہیں۔نیہا سنگھ راٹھور نے کہا کہ میری زندگی بھی جہد مسلسل رہی ہے۔ میرے والد نہیں چاہتے تھے کہ میں لوک گیت کو اپنے کیریئر کا حصہ بناؤں تو میں چوری چھپے سیکھنے جاتی تھی اور آج اسی وجہ سے لوگ مجھے جانتے ہیں، اس لئے آج میں یہاں موجود اپنے بہنوں سے کہنا چاہتی ہوں کہ کوئی بھی کام چھوٹا یا بڑا نہیں ہوتا ہے۔ جس کام کو بھی کریں اس میں ایمانداری اور محنت سے انجام دیں تو کامیابی ضرور ملے گی۔ اس موقع پر لوگوں کی فرمائش پر نیہا سنگھ راٹھور نے اپنے خاص انداز میں گیت بھی سنائیں جسے سن کر سامعین محظوظ ہوئے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر