Latest News

رمضان کو اپنی زندگی کا آخری رمضان تصور کر کے عبادت و ریاضت سے اللہ کو راضی کریں: الحاج محمد اقبال۔

آگرہ: مسجد نہر والی میں آج کے خطبہ جمعہ میں الحاج محمد اقبال نے کہا کہ رمضان میں ایسا کیا کریں کہ اللہ ہم سے راضی ہوجائے، تو اس کا ایک سب سے آسان حل ہے کہ اس رمضان کو ہم اپنی زندگی کا آخری رمضان تصور کریں، اب تک ہم نے بہت سے رمضان گذارے ہیں اپنی زندگی میں۔ لیکن ہمارے میں کوئی تبدیلی نہیں آئی تو اس کا مطلب ہے کہ ہم نے صرف رسم ادا کی ہے حقیقت میں جو رمضان کا حق تھا وہ صحیح طریقہ پر ادا نہیں کرسکے۔ اب اللہ نے ہمیں ایک اور موقع دیا ہے اس لیے اس موقع کو غنیمت جانتے ہوہے اس رمضان کو آخری موقع سمجھیں اور اس طرح اس کو گذاریں کہ اب اس کے بعد معلوم نہیں زندگی میں رمضان مجھے ملے یا نہ ملے ، کب تک کی زندگی ہے یہ کسی کو نہیں معلوم ، کئی لوگ جو پچھلے رمضان میں ہمارے ساتھ تھے وہ اس مرتبہ نہیں ہیں وہ اپنے رب کے پاس جا چکے ، کیا پتہ ہم میں سے کون آئندہ رمضان تک زندہ رہے یا رب سے جاملے، جب یہ کسی کو معلوم ہی نہیں تو پھر اس موقع کو آخری موقع ہی سمجھیں اس لیے اس میں بلکل غفلت نہ کریں ، رب کو راضی کرنے کے لیے اپنی پوری کوشش کریں اپنی پچھلی زندگی کو سامنے رکھ کر اللہ سے معافی مانگیں اپنے گناہوں سے توبہ کریں اور آئندہ گُناہ نہ کرنے کا عہد کریں اپنے کئیے پر شرمندہ ہوں میرا رب بہت رحیم ہے پوری امید ہے وہ ضرور معاف کرے گا ان شاءاللہ ۔
سورہ بقرہ آیت نمبر ۱۸۳ میں اللہ نے ایمان والوں کو مخاطب کیا ہے اور کہا ہے “ اے ایمان والو تم پر روزے فرض کیے گئیے ہیں جیسے تم سے پہلے لوگوں پر کیے گئے تھے تاکہ تم پرہیز گار بنو“۔
یہاں خاص طور پر صرف ایمان والوں سے اللہ نے فرمایا ہے، اب یہ ایمان والوں کی ذمہ داری ہے کہ اپنے رب کا حکم مانیں
اور رمضان کے مبارک مہینے میں اپنے رب کو راضی کریں اور جنّت کے حق داروں میں اپنا نام شامل کرالیں ، یہ آخری موقع کسی بھی طرح ضائع نہ کریں کیونکہ ہمیں نہیں معلوم آئندہ رمضان تک ہم زندہ رہیں یا اپنے رب سے جاملیں، جس طرح اس مرتبہ کئی لوگ ہمارے ساتھ نہیں ہیں کیا پتہ آئندہ رمضان میں ہمیں بھی لوگ یاد کر رہے ہوں ۔ ایمان والوں اس رمضان میں اپنے رب کو منالو اور اپنی آخرت کو کامیاب کرلو ۔ اللہ مجھے بھی اور آپ سب کو بھی توفیق عطافرماے کہ ہم اپنے رب کو راضی کرلیں آمین۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر