Latest News

خالصتان حامی امرت پال کے گرد گھیرا تنگ، تیسرے دن بھی تلاش جاری، چچا اور ڈرائیور کی خودسپردگی، پانچ ساتھیوں پر این ایس اے، پورے پنجاب میں سخت چوکسی، ایجنسیوں کو آئی ایس آئی سے لنک کا شبہ۔

نئی دہلی: خود ساختہ خالصتانی رہنما امرت پال سنگھ کی انتہائی سرگرمی کے ساتھ تیسرے روز بھی تلاش جاری رہی، مرکزی ایجنسیوں اور ریاستی حکومت کی سرکاری مشنری کے تال میل سے اسے گرفتار کرنے کےلیے جگہ جگہ دبش دی جارہی ہے، پولس کو امرت پال کے جالندھر میں چھپے ہونے کا خدشہ ہے، ضلع کے سبھی داخلی اور خارجی راستوں پر ناکہ بندی کردی گئی ہے، امرت پال کے گائوں جلوکھیڑا میں بھی فورس تعینات ہے، جموں کشمیر اور ہماچل سے متصل پنجاب کے سرحدی علاقوں کو بھی سیل کردیاگیا ہے۔ ہماچل پردیش میں سیکورٹی کے لیے ہائی الرٹ کر دیا ہے۔ پنجاب کے ساتھ ہماچل پردیش کی سرحد پر گاڑیوں کی چیکنگ کی جارہی ہے تاکہ کوئی مشکوک شخص ہماچل پردیش میں داخل نہ ہوسکے۔اتوار سے اب تک امرت پال کے پانچ ساتھیوں پر این ایس اے لگایاگیا ہے۔ امرت پال کے چچا ہرجیت سنگھ اور ڈرائیور نے اتوار کی دیر شب پولس کے سامنے سرینڈر کردیا ہے، چچا امرت پال کی مرسڈیز میں خودسپردگی کرنے آیا تھا، جو ڈرگ تسکر سے خریدی گئی تھی، اس کے چچا کو بھی آسام کی ڈبروگڑھ جیل بھیج دیاگیا ہے، پولس نے اب تک ۱۱۴ لوگوں کو گرفتار کیا ہے۔ پولس ذرائع سے موصولہ اطلاع کے مطابق امرت پال کے فائنانسر دلجیت سنگھ کلسی کے پاس سے دو سال میں ۳۵ کروڑ روپئے کا غیر ملکی فنڈ آیا ہے، اس کے فون سے پاکستان میں بھی بات ہوئی ہے، پولس اس کے موبائل کی تحقیقات کررہی ہے۔ مرکزی خفیہ ایجنسیوں کے مطابق امرت پال نشہ مکت کیندر کے نام پر فدائین حملہ آور تیار کررہا تھا، وہ دہشت گرد تیار کررہا تھا، سب کچھ آئی ایس آئی کے اشارے پر ہورہا تھا، پاکستان سے غیر قانونی ہتھیار منگواکر ان ہی اسٹور وں میں رکھا جارہا تھا، جس کے ذریعہ وہ آنند پور خالصہ فورس (اے کے ایف) تیار کررہا تھا، سب کچھ امرت سنچار کے نام پر کیاجارہا تھا۔ امرت پال کا پاکستانی خفیہ ایجنسی آئی ایس آئی سے بھی لنک سامنے آنے کی بات کہی جارہی ہے، امرت پال کی ممنوعہ خالصتانی تنظیم ’ببر خالصہ انٹرنیشنل‘ کے ہینڈلر ہونے کا بھی ان پٹ کا دعویٰ کیاجارہا ہے۔ بتادیں کہ ۳۰ سالہ امرت سنگھ سکھوں کے لیے ایک خود مختار ریاست ’خالصتان‘ کے حامی ہیں اور ’وارث پنجاب دے‘ نامی گروہ کے سربراہ ہیں۔’وارث پنجاب دے‘ نامی گروہ انڈین پنجاب کے اداکار و سیاستدان دیپ سدھو نے اپنی موت سے کچھ وقت پہلے بنائی تھی۔ اس سے قبل دیپ سدھو بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رکن اور بالی وُڈ اداکار سنی دیول کے قریب بھی رہے ہیں اور ان کی انتخابی مہم بھی چلاتے رہے ہیں۔فروری 2022 میں دیب سدھو کی موت کے بعد امرت پال سنگھ کو ’وارث پنجاب دے‘ کا نیا سربراہ مقرر کیا گیا تھا۔’ٹائمز آف انڈیا‘ کے مطابق امرت پال سنگھ 1993 میں امرتسر کے ایک گاؤں جلو پیر خیرا میں پیدا ہوئے تھے اور انہوں نے انٹرمیڈیٹ تک تعلیم حاصل کر رکھی ہے۔سنہ 2012 میں امرت پال سنگھ انڈیا چھوڑ کر نوکری کے خاطر اپنے انکل کے پاس دبئی چلے گئے تھے۔اخبار کے مطابق سکھ رہنما پہلی مرتبہ انڈین سیاستدانوں اور پولیس کی توجہ کا مرکز چھ مہینے پہلے اس وقت بنے جب انہیں ’وارث پنجاب دے‘ کا سربراہ مقرر کیا گیا۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر