Latest News

منت کی تکمیل پر مسلم خاندان کا مندر میں بیٹے کا منڈن۔

کشی نگر: کشی نگر کے رامکولہ علاقے کے پاپور گاوں کے رہنے والے ایک مسلم خاندان نے پیر کو اپنی منت کی تکمیل پر دھرم سمدھا دیوی مندر میں اپنے بیٹے کا مُنڈن کرایا۔ جس کے بعد یہ واقعہ علاقہ میں بحث کا موضوع بن گیا ہے۔ گھر والوں نے 10 سال کے بعد معاشی حالت بہتر ہونے پر بیٹے کا منڈن کرایا۔ رامکولہ علاقہ کے پاپور کے رہنے والے معین الدین اور ان کی بیوی تسرون نشا نے 11 سال قبل منت مانی تھی۔ اہل خانہ نے نوراتری کے موقع پر ننگے پاؤں آکر دھرم سمدھا مندر میں پوجا کی اور منت مانی کہ اگر انہیں بیٹا ہوا، تو وہ اپنے بیٹے کی منڈن تقریب دھرم سمدھا مندر میں کروائیں گی۔ اس کے چند ماہ بعد معین الدین اور ان کی اہلیہ تسرون نشا کو ایک بچہ نصیب ہوا۔ جس سے ان کے خاندان میں خوشی کا ماحول پیدا ہوگیا۔خواہش پوری ہونے پر معین الدین اور ان کی اہلیہ تسرون نشا ناچ گانے کے ساتھ پیر کو دھرم سمدھا مندر پہنچے اور ہندو رسومات کے مطابق اپنے بیٹے سلمان کی پوجا کی اور بیٹے کا منڈن کروایا۔ اس کے بعد معین الدین اور تسرون نشا نے دیوی دیوتاوں کو حلوہ پوری چڑھا کر ان کی پوجا کی۔ سلمان کے والدین معین الدین اور تسرون نشا نے بتایا کہ ان کے بیٹے کی پیدائش دیوی دھرم سمدھا کے آشیرواد سے ہوئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے منڈن کروا کر اپنی منت پوری کر لی ہے۔ اس موقع پر رام کولا کے بی جے پی ایم ایل اے ونے گونڈ کے ساتھ درجنوں لوگ موجود تھے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر