سہارنپور کے تھانہ گاگلہیڑی پولیس کے ذریعہ حراست میں لئے گئے نوجوان کی مشتبہ حالات میں نہر میں کود کر غائب ہوگیا،جس کو لیکر نوجوان کے اہل خانہ نے تھانے پہنچ کر ہنگامہ کیا اور پولیس پر نوجوان کو نہر میں دھکّہ دے کر ہلاک کرنے کاالزام عائد کیا ہے،جبکہ پولیس کا کہناہے کہ اس کے بھائی کی گمشدگی کے سلسلہ میں جانچ پڑتال کے لئے پولیس نوجوان کو لیکر نہر پر گئی تھیں جہاں اس نے نہر میں چھلانگ لگا دی ہے، پولیس دونوں بھائیوں کی تلاش میں لگی ہوئی ہے،دوسری جانب بی ایس پی لیڈر عمران مسعود اور سماجوادی پارٹی لیڈر سرفراز خاں موقع پر پہنچے اور بھیڑ کو سمجھانے کے بعد واپس بھیجااور افسران سے بات کرکے منصفانہ قانونی کارروائی کی یقین دہانی کرائی۔وہیں موقع پر کافی تعداد میں پولیس بھی بلائی گئی تھی، رکن پارلیمنٹ حاجی فضل الرحمن نے متاثرہ خاندان سے ملاقات کرکے انہیں انصاف کی یقین دہانی کرائی ہے۔اطلاع کے مطابق تھانہ گاگلہیڑی کے گاو ¿ں مالہی کے رہنے والے توفیق کا بیٹا اویس کئی دن پہلے لاپتہ ہو گیا تھا،جس کی گھر والوں نے تھانے میں گمشدگی کی رپورٹ درج کرائی تھی۔ اہل خانہ کے مطابق منگل کو پولیس نے توفیق کے دوسرے نابالغ بیٹے شعیب کو پوچھ تاچھ کے نام پر حراست میں لیا تھا۔ اہل خانہ کا الزام ہے کہ منگل کو پولیس نے انہیں فون کرکے بتایا تھا کہ ان کا بیٹا شعیب روڑکی کی گنگا نہر میں چھلانگ لگا کر فرار ہو گیا ،جس کا ابھی تک کوئی سراغ نہیں ملاہے،اہل خانہ کا الزام ہے کہ پولیس نے دو نوجوانوں کو حراست میں لیا تھا لیکن ایک نوجوان کو چھوڑ کر ان کے بیٹے کو روڑکی گنگ نہر پر لے گئی،اہل خانہ کا الزام ہے کہ پولیس ان کے بیٹے کو تھرڈ ڈگری دے کر اس سے اپنے بھائی کو قتل کرنے کا اعتراف کرا رہی تھی۔اہل خانہ کا الزام ہے کہ پولیس نے ان کے بیٹے کو گنگ نہر پر لے جا کر قتل کردیا اور اسے نہر میں پھینک دیا۔ اس معاملہ کو لیکر آج اہل خانہ اور دیہی لوگ تھانہ گاگلہیڑی پہنچے اور پولیس کارروائی کے خلاف جم کر ہنگامہ کیا ۔ اطلاع پر کافی تعداد میں پولیس اور اعلیٰ افسران بھی موقع پر پہنچ گئے۔ ہنگامہ کی اطلاع پر بی ایس پی لیڈر عمران مسعود اور سابق وزیر سرفراز خان بھی موقع پر پہنچے اور انہوں نے لوگوں کو سمجھانے کے بعد گھر واپس بھیجا۔ ساتھ ہی انہوں نے معاملے کی جانچ کے سلسلے میںاعلیٰ افسران سے بات کرکے کارروائی کی یقین دہانی کرائی ۔ ادھر ایس ایس پی سہارنپور ڈاکٹر وپن تاڈا کا کہناہے نوجوان نے اپنے بھائی کا قتل کرکے اس کی لاش نہر میں پھینکنے کا جرم قبول کرلیا تھا،اسی کی تحقیق کرنے کی غرض سے پولیس اسے لیکر روڑ کی گنگ نہر پر پہنچی تھی،جہاں نوجوان نے پولیس کو چکمہ دے کر نہر میں چھلانگ لگادی ،پولیس غوطہ خوروں کی مدد سے دونوں بھائیوں کو نہر میں تلاش کررہی ہے،ساتھ ہی تمام الزامات کی بھی جانچ کی جارہی ہے، جانچ کے بعد آگے کی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔وہیں واقعہ کے بعد رکن پارلیمنٹ حاجی فضل الرحمن نے متاثرہ اہل خانہ کے گھر پہنچ کر ملاقات کی اور انہیں انصاف کی یقین دہانی کرائی۔
0 Comments