Latest News

دردناک سڑک حادثے میں مفتی سعید پالنپوری کی بہو اور پوتے کی موت، بچوں سمیت پانچ شدید طور پر زخمی۔

دیوبند: دارالعلوم دیوبند کے سابق شیخ الحدیث حضرت مولانا مفتی سعید احمد پالنپوری کی بہو اور پوتا راجستھان کے الور میں ایک ہولناک سڑک حادثے میں جاں بحق ہو گئے، جب کہ 3 بچوں سمیت 5 افراد شدید زخمی ہو گئے۔ انہیں علاج کے لیے جے پور بھیجا گیا، جہاں انہیں اسپتال میں داخل کرایا گیا، حادثے کی خبر دیوبند پہنچتے ہی اہل خانہ میں صف ماتم بچھ گئی۔
معلومات کے مطابق دارالعلوم دیوبند کے سابق مہتمم شیخ الحدیث مرحوم حضرت مولانا مفتی سعید صاحب پالن پوری کے صاحبزادے مولانا احمد سعید کی اہلیہ راشدہ (35) اپنے بھائی عبداللہ کے ہمراہ کار کے ذریعہ پالن پور سے دیوبند آرہی تھیں۔ جس میں چار بچے اور ایک چچا زاد بھائی بھی سوار تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ بدھ کی صبح تقریباً 5:00 بجے جب وہ الور ہائی وے پر پہنچے تو عبداللہ کو گاڑی چلاتے ہوئے اچانک نیند کی جھپکی آگئی جس کی وجہ سے تیز رفتار کار سڑک کنارے فلائی اوور کی ریلنگ سے بری طرح ٹکرا گئی اور لٹک گئی۔ اطلاع ملنے پر راجستھان پولیس موقع پر پہنچی اور راہگیروں کی مدد سے گاڑی میں پھنسے تمام لوگوں کو بمشکل باہر نکالا۔ جس میں راشدہ (35) اور اس کا بیٹا حفیظ (18) موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے جبکہ عبداللہ سمیت تین دیگر بچے اور ایک اور بھائی شدید زخمی ہو گئے۔
پولیس نے زخمیوں کو فوری طور پر الور کے اسپتال میں داخل کرایا جہاں سے ان کی حالت نازک ہونے کی وجہ سے انہیں جے پور ریفر کر دیا گیا۔ حادثہ کی اطلاع پولیس نے دیوبند میں رشتہ داروں کو دی جس کے بعد یہاں کہرام مچ گیا اور کئی لوگ راجستھان روانہ ہوگئے۔ حادثے کے بعد شہر کے لوگ محلہ اندرون کوٹلہ میں واقع مفتی سعید پالن پوری کے گھر جمع ہوگئے ہیں اور اس دردناک حادثے پر گہرے دکھ کا اظہار کررہے ہیں۔

سمیر چودھری۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر