Latest News

حجاب، حلال جیسے ایشوزپر کرناٹک سرکار کے وزیروں میں اختلاف۔

بنگلورو: کرناٹک میں کانگریس کی نئی حکومت ریاست میں حجاب پر پابندی ہٹا سکتی ہے۔ حکومت نے کہا ہے کہ وہ ایمنسٹی انڈیا کے تعلیمی اداروں میں حجاب پر پابندی ہٹانے کے مطالبے پر غور کرے گی۔لیکن کانگریس اس معاملے میں جلد بازی نہیں کرنا چاہتی۔جہاں ایک وزیر نے اس کی حمایت کی ہے وہیں نائب وزیر اعلی نے احتیاط کے ساتھ گول مول ڈپلومیٹک جواب دیا ہے ۔اس لیے تھوڑا انتظار کرنا پڑے گا۔ اس معاملے میں کرناٹک کے وزیر اور کانگریس کے سینئر لیڈر جی پرمیشور نے کہا ہے کہ حکومت مستقبل میں اس پر غور کرے گی۔ انہوں نے اے این آئی کو بتایا، ‘ہم مستقبل میں دیکھیں گے کہ ہم کیا کر سکتے ہیں۔ ابھی تک، ہمیں کرناٹک کے لوگوں کو دی گئی پانچ ضمانتوں کو پورا کرنا ہے۔ تاہم، ایک اور کابینی وزیر پرینک کھرگے نے صحافیوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس حجاب، حلال کٹ اور گائے کے ذبیحہ قوانین پر پابندی کو واپس لینے پر غور کرے گی۔ پرینک نے کہا کہ اگر ریاست کا امن خراب ہوا تو ان کی حکومت بجرنگ دل اور آر ایس ایس جیسی تنظیموں پر پابندی عائد کر دے گی، اور اگر یہ بی جے پی قیادت کے لیے ناقابل قبول ہے تو وہ پاکستان جا سکتے ہیں۔ تاہم حکومت کی طرف سے اس بارے میں کوئی سرکاری بیان سامنے نہیں آیا کہ آیا ان قوانین کو واپس لیا جائے گا یا نہیں۔10 مئی کو ہونے والے اسمبلی انتخابات کی مہم کے دوران نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے۔ شیوکمار نے زور دے کر کہا تھا کہ ریاست میں پارٹی کے اقتدار میں آنے کے بعد حجاب پر پابندی اور سابقہ بی جے پی حکومت کے ذریعہ بنائے گئے تمام فرقہ وارانہ قوانین کو واپس لے لیا جائے گا۔لیکن اب، جب کرناٹک میں حجاب پر پابندی پر ایمنسٹی انٹرنیشنل کی بڑھتی ہوئی تشویش کے بارے میں پوچھا گیا تو نائب وزیر اعلیٰ شیوکمار نے بدھ کو ودھانا سودھا میں کہا، "میں حجاب کے معاملے پر کوئی تبصرہ نہیں کرنا چاہتا کیونکہ یہ ایک پالیسی معاملہ ہے۔”

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر