Latest News

قربانی کے دوران حکومتی ہدایات کی مکمل پاسداری کریںاور ممنوعہ جانوروں کی قربانی نہ کریں، ذبیحہ کی کوئی تصویر سوشل میڈیا پر شیئر نہ کریں: مولانا ارشدمدنی۔

نئی دہلی: عیدالاضحی کے موقع پر مسلمانان ہند کے نام اپنے ایک پیغام میں جمعیۃعلماء ہند کے صدرمولانا ارشدمدنی نے کہا ہے کہ اسلام میں قربانی کا کوئی بدل نہیں ہے ، یہ ایک مذہبی فریضہ ہے ، جس کی ادائیگی ہر صاحب حیثیت مسلمان پر واجب ہے ، اس لئے جس شخص پرقربانی واجب ہے اسے ہرحال میں یہ فریضہ اداکرنا ہے، انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات کے پیش نظریہ ضروری ہے کہ مسلمان اپنے طورپر احتیاطی رویہ اختیارکریں۔تشہیراورخاص طورپر سوشل میڈیاپر قربانی کے جانوروں کی تصویریں وغیرہ شیئر کرنے سے گریزکریں ، مولانا مدنی نے یہ بھی مشورہ دیاکہ مسلمان قربانی کرتے وقت حکومتی ہدایات کی مکمل طورپرپاسداری کریں ، ممنوعہ جانوروں کی قربانی سے بچیں اورچونکہ مذہب میں اس کے بدلے کالے جانورکی قربانی جائزہے اس لئے کسی بھی فتنہ سے بچنے کے لئے اسی پر اکتفاکیاجانابہترہے ، انہوں نے یہ بھی کہا کہ اگرکسی جگہ شرپسند عناصرکالے جانورکی قربانی سے بھی روکتے ہیں توسمجھداراوربااثرافرادکے ذریعہ مقامی انتظامیہ کو اعتمادمیں لیکر قربانی کی جائے ، اگرپھربھی خدانخواستہ اس مذہبی فریضہ کی ادائیگی کا کوئی راستہ نہ نکلے توجس قریبی آبادی میں کوئی دشواری نہ ہووہاں قربانی کرادی جائے ، البتہ جس جگہ قربانی ہوتی آئی ہے اورفی الحال دشواری ہے وہاں کم ازکم بکرے کی قربانی ضرورکی جائے اورانتظامیہ کے دفترمیں اس کا انداراج بھی کرادیاجائے تاکہ مستقبل میں کوئی دشواری نہ ہو، انہوں نے ملک کے مسلمانوں کو عیدالاضحی کے موقع پر صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ جانوروں کے فضلات کو سڑکوں ، گلیوں اورنالوں میں نہ ڈالیں بلکہ آلائش کو اس طرح دفن کردیاجائے کہ اس سے تعفن نہ پھیلے ، مولانا مدنی نے یہ بھی کہا کہ ہر ممکن کوشش کی جائے کہ ہمارے عمل سے کسی کو اذیت نہ پہنچے ، فرقہ پرست عناصرکی طرف سے کسی طرح کی اشتعال انگیزی پر صبروتحمل کے مظاہرہ کے ساتھ معاملہ کی شکایت مقامی تھانہ میں ضروردرج کرائی جانی چاہئے ، ہمیں مایوس ہر گزنہیں ہونا چاہئے ، بلکہ اللہ کی ذات پر مکمل بھروسہ کرتے ہوئے حالات کا مقابلہ امن وشانتی ، پیارومحبت اورصبروسکون سے کرنا چاہئے۔

سمیر چودھری۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر