مظفرنگر: عزیز الرحمن خاں۔
کھتولی کے آرین پارٹی مال میں آل انڈیا قومی ایکتا کمیٹی کے زیر اہتمام ایک شام قومی یکجہتی کے نام عنوان سے ایک سلور جوبلی انٹر نیشنل مشاعرہ کا انعقاد عمل میں آیا جس کی صدارت سابق ریاستی وزیر امیر عالم خان و استاد شاعر ڈاکٹر محمد امیر اعظم قریشی نے کی مہمان خصوصی کے طور پر کھتولی ایم ایل مدن بھیا و مہمانِ ذی وقار کے طور پر کھتولی میونسپل بورڈ چئیر حاجی شاہنواز لالو نے شرکت کی شمع روشن ڈاکٹر ایس حسن و ستندر آریہ نے کی نظامت کے فرائض عالمی شہرتِ یافتہ ناظم مشاعرہ ریاض ساغر نے بحسن وخوبی انجام دیئے ۔ اس موقع پر ڈاکٹر احتشام الحق صدیقی ڈاکٹر افروز عالم جدہ ڈاکٹر خالد اعظمی پرڈیوسر ڈی ڈی اردو ڈاکٹر ماجد دیوبندی پرو فیسر افضل منگلوری و جانسٹھ چئیر مین ڈاکٹر عابد حسین کو اعزاز سے نوازا گیا ڈاکٹر تنویر گوہر نے ڈاکٹر خالد اعظمی کی خدمت میں سپاس نامہ پیش کیا ایس پی بلند شہر سی او کھتولی کھتولی شوگر مل کے مینجر ڈاکٹر اشوک کمار و سونو فریدی سمیت سبھی میونسپل بورڈ کاونسلروں کو اعزاز سے نوازا گیا استقبالیہ پروگرام کے بعد ماجد دیوبندی و الطاف ضیا کے نعتیہ کلام سے مشاعرہ کا آغاز ہوا چنندہ اشعار باذوق قارئین کی نذر ہیں
خواہشیں کیوں بو رہا ہے تو دل ویران میں
مچھلیاں پالی نہیں جاتی ہیں ریگستان میں
ڈاکٹر احتشام الحق صدیقی
وہ میرے عزم کی پرواز سے نہیں واقف
جو قینچیوں سے مرے پر کتر کے دیکھتے ہیں
ریاض ساغر
سنگ کتنے بھی اچھالے مری جانب
میرے ہونٹوں پہ سدا حرفِ دعا ہوتا ہے
ڈاکٹر ماجد دیوبندی
تنہائی میں جب جب تری یادوں سے ملا ہوں
محسوس ہوا ہے کہ تجھے دیکھ رہا ہو
الطاف ضیا
ساحل کی فضاؤں کا مزا اور ہی کچھ ہے
جنگل کے درختوں کے ہیں غم اور طرح کے
ڈاکٹر افروز عالم
جب آئے وقت تو مسند سے خود اتر جانا
وگرنہ جو نہیں اترے تھے وہ اتارے گئے
ندیم شاد
مجھے مرنا ہے اک ظالم کے ہاتھوں
کہانی میں یہی کردار ہوں میں
دانش غزل
جگنو کو دیکھئے نہ حقارت سے اے ثمر
جب تیرگی بڑھے گی یہی کام آئیگا
ڈاکٹر تحسین ثمر
غربت ہے پھر بھی دیتا ہوں ساحل کو کچھ نہ کچھ
اک یہ سبب ہے گھر میں جو برکت ابھی بھی ہے
قاری شاہد ارمان مظفرنگری
اور اس سے مری شہرت میں اضافہ ہوگا
جتنا مجھکو نظر انداز کیا جائے گا
افضل منگلوری
تلاش کرتے ہو تم ان میں سچ تو پاگل ہو
بکے ہوئے ہیں یہ اخبار جھوٹ بولتے ہیں
ڈاکٹر تنویر گوہر
ویسے تو ہر کسی کو ہی دستار چاہئے
فیصل یہ دیکھنا ہے کہ حقدار کون ہے
فیصل میرٹھی
لگا کے مزدور ساتھ محنت میں اپنے بچے
حلال روزی کماکے کھانا سکھا رہا ہے
طاہر مسعود کرتپوری
غم تیری جوانی کا جاتے جاتے جائیگا
صبر ہونا ہے آتے آتے آئیگا
ارشاد بیتاب
فیمس کھتولوی سجاد جھنجھٹ وقار فرازی وغیرہ نے بھی اپنے کلام سے نوازا اور خوب دادا تحسین حاصل کی
کنوینر مشاعرہ حاجی محمد اقبال و آفاق سیفی نے اظہار تشکر کیا۔
0 Comments