کانپور: جمعیۃ علماء ہند اپنے مقصد اور خدمات کو مزید موثر طریقے سے انجام دینے کیلئے بلاک وبوتھ اور اسمبلی حلقہ کے سطح پر عہدیداروں کا انتخاب کر رہی ہے۔ اس سلسلے میں سیسہ مؤ اسمبلی حلقہ میں انتخابی جلسہ منعقد ہوا۔
جس میں جمعیۃ علماء سیسہ مؤ اسمبلی حلقہ کا انتخابی اجلاس بعد نماز عشاء مدرسہ نور القرآن نزد مسجد نور چمن گنج میں منعقد ہوا۔ پروگرام کا آغاز حافظ عبدالمجید کی تلاوت سے ہوا اورمدرسہ کے ایک طالب علم نے نعت پیش کی۔ مہمانِ خصوصی کے طور پر تشریف لائے جمعیۃ علماء اترپردیش کے ریاستی نائب صدر مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی نے ماضی و حال میں جمعیۃ کی زریں خدمات اور تنظیم کے ضابطوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی اور مولانا نے کہا کہ جمعیت کے قیام اور اس کے سب کاموں کا محور ملک و ملت کی تعمیر اور انسانیت کی خدمت ہے۔مولانا نے بیان کرتے ہوئے کہا کہ جمعیۃ علماء اپنے روز اول سے ہی ملک و ملت کی خدمت انجام دے رہی ہے اور بلا تفریق مذہب ثواب سمجھ کر خدمت خلق کے جزبہ سے کام کرتی ہے۔جمعیۃ علماء ہند اپنی عظیم خدمات کی بدولت روشن تاریخ رکھتی ہے، جمعیۃ علماء ہند کا قیام آج سے سو سال قبل میں ہوا تھا۔جب ہم قیام جمعیۃ کی تاریخ کا مطالعہ کرتے ہیں تو ہمیں واضح طور پر محسوس ہوتا ہے کہ جمعیۃ کی تحریک چلانے والے علمائے امت میں سے ہر کوئی اپنی ذات میں ایک مکمل انجمن تھا اور ہر شخص امت مسلمہ کی قیادت و سیادت کا مکمل طور پر اہل تھا، وہ تمام قائدین جو جمعیۃ علماء ہند کے قیام کی تحریک میں شامل تھے۔ جمعیۃ علماء شہر کانپور کے سینئر سیکریٹری زبیر احمد فاروقی نے کہا کہ جمعیۃ علماء ہند اتنی مقبول عام ہیں کہ جمعیۃ علماء ہند کی شاخیں ہندوستان کے کوئی ریاست، کوئی شہر، ایسا نہیں جہاں جمعیۃ علماء ہند کی شاخ قائم نہ ہو اور اس کے ممبران و کارکنان نہ ہوں، بہرحال یہ جمعیۃ علماء ہند کی مقبولیت کی علامت اور اس کے بانیان کے اخلاص کی ایک واضح علامت ہے جس کا انکار ناممکن ہے۔نظامت و افتتاحی خطاب مفتی اظہار مکرم قاسمی سیکریٹری جمعیۃ علماء شہر کانپور نے کیا۔ اتفاق رائے سے جناب قاری انیس احمد صابری کو سیسہ مؤ ودھان سبھا کا صدر اور حافظ محمد اسامہ چمن گنج کو جنرل سیکرٹری منتخب کیا گیا۔جمعیۃ علماء شہر کانپور کے صدر ڈاکٹر حلیم اللہ خاں نے نو منتخب عہدیداران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آپ کے کندھوں پر جمعیۃ کی نہیں بلکہ قوم کی ذمہ داریوں کا بوجھ ڈالا گیا ہے امید ہے کہ بحسن وخوبی انجام دیں گے۔ جمعیۃ علماء کے رکن حافظ محمد سلمان جامعی نے سبھی کا شکریہ اداکیا۔ اس موقع پر سیسہ مؤ اسمبلی حلقہ کے علماء وائمہ مساجد،دانشوران اور نوجوان کثیر تعداد میں شریک ہوئے۔
0 Comments