Latest News

ناندیڑ میں گئو رکشک کو مارڈالاگیا، چھ زخمی، ہندو تنظیموں کی طرف سے بدھ کو ناندیڑ بند کا اعلان، علاقے میں کشیدگی۔



ناندیڑ: (محمد شاہد) ایک مشتبہ گاڑی کی جانچ کرنے گئے گئو رکشکوں پر ۱۰ سے ۱۲ افراد کے ایک گروپ کے مسلح حملے میں ایک ’گئو رکشک‘ کی موت ہوگئی اور ۶  دیگر شدید زخمی ہو گئے۔ یہ واقعہ پیر کی رات ۱۱ بجے کے قریب ناندیڑ ضلع کے کنوٹ تعلقہ کے ملک جام ٹانڈہ میں پل کے قریب پیش آیا۔ اس واقعہ سے تعلقہ کنوٹ میں کشیدگی پھیل گئی ہے۔ 
منگل کی صبح ہندوتوا تنظیموں کے کارکنوں نے شیونی پرائمری ہیلتھ سنٹر کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا اسکے علاوہ منگل کو شیونی، اسلاپور کا بازار مکمل بند رکھا گیا۔ وہیں دوسری طرف ناندیڑ میں ہندو تنظیموں کی جانب سے بدھ کو ناندیڑ بند کا اعلان کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ۱۹ جون کو شیونی میں مقیم گائے کے محافظ کارکن(گئو رکشک) مہیش کودلوار، نیانیشور کارلیواڈ، بالاجی راہول واڈ، وٹھل اننتوار، وشال مینڈیوار، بالاجی کارلیواڈ، شیکھر ریپیلی یہ شیونی کے کارکنان، دھننجے ترپٹیوار کی کار لیکر تلنگانہ کے لیے ایک گھریلو تقریب کے لیے نرمل گئے تھے۔ اُس تقریب کے بعد رات گیارہ بجے کے قریب انہیں ایک بولیرو پک اپ گاڑی ملاکجاب ٹانڈہ کے پل کے قریب مشکوک طور نظر آئی۔ مذکورہ گاڑی کو روک کر استفسار کیا۔ اس وقت ۱۰سے ۱۲لوگوں کے ایک گروہ نے گئو رکشکوں پر لاٹھیوں اور چاقوؤں سے حملہ کردیا۔ اِس حملے میں شیکھر راپیلی کے سینے میں تیز دھار ہتھیار سے وار کیا گیا اور وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ جب کہ بقیہ پانچ شدید مار پیٹ کی وجہ سے زخمی ہو گئے، انہیں شیونی کے پرائمری ہیلتھ سنٹر میں ابتدائی طبی امداد دی گئی اور مزید علاج کے لیے ناندیڑ منتقل کر دیا گیا۔ اس معاملے میں سوپن پینٹوار کی شکایت کی بنیاد پر اس گروپ کے خلاف اسلا پور پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کیا گیا۔ اِس واقعہ کی وجہ سے علاقے میں تناؤ کا ماحول ہے۔ دریں اثناء اس واقعہ کی مخالفت میں اگلے دن منگل کی صبح اسلا پور، شیوانی بازار کو سختی سے بند رکھا گیا۔ متوفی کے پوسٹ مارٹم کے دوران ہندوتوا تنظیموں کے کارکنوں نے شیونی میں پرائمری ہیلتھ سنٹر کے سامنے کچھ دیر تک احتجاج کیا اور ملزمین کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ اِس معاملے میں ملزم کی تلاش کے لیے پولیس کی ایک ٹیم ریاست تلنگانہ روانہ کی گئی ہے۔ اسپیشل انسپکٹر جنرل آف پولیس ششی کانت ماولکر، ڈسٹرکٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس شری کرشنا کوکاٹے، اسسٹنٹ سپرنٹنڈنٹ آف پولیس گوہر حسن، ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس ڈاکٹر۔ دھرنے، سب ڈویژنل آفیسر نیہا بھوسلے، سب ڈویژنل پولیس آفیسر وجے ڈونگرے، تحصیلدار ڈاکٹر مونل جادھو وغیرہ نے شیونی میں ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی حمایت نگر، بھوکر، تامسا، سندھ کھیڈ، کنوٹ، مانڈوی اور ناندیڑ سے فسادات پر قابو پانے کی ٹیم، سینٹرل ریزرو فورس اور دیگر پولیس اہلکاروں کو سخت حفاظت میں تعینات کیا گیا ہے۔ رپورٹ لکھے جانے تک محکمہ پولیس کی مزید کارروائی جاری تھی۔ درمیان اسی معاملہ کو لیکر آج وشو ہندو پریشد کی جانب سے ضلع کلکٹر ناندیڑ کو ایک محضر دیا گیا جس میں مطالبہ کیا گیا کہ ناندیڑ میں آئے دن اس طرح کے واقعات پیش آ رہے ہیں۔ اب بقر عید قریب ہے اور کچھ لوگ گئو ونش کی خریداری کر انہیں کھیتوں میں اور گھروں میں رکھ رہے ہیں۔کنوٹ میں گئو رکشک کے قاتلوں کو جلد از جلد گرفتاری کے لیے ۲۱جون بدھ کو ناندیڑ بند کی اپیل وشو ہندو پریشد ، بجرنگ دل، گئو ركشک، سکل ہندو سماج، سکل ہندو سنگھٹنا کی جانب سے کی گئی ہے۔ گئو رکشکوں کے مطابق کار تلنگانہ کی تھی، پولس نے بتایاکہ کار کے بارے میں قریبی سی سی ٹی وی کیمروں کو کھنگالا جارہا ہے، ملزمین کون تھے اورکہاں جارہے تھے پولس اس کا پتہ لگا رہی ہے، پولس افسروں نے کہاکہ حملے میں زخمی گئو رکشکوں سے بھی تفصیلات جمع کی گئی ہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر