مظفرنگر: عزیز الرحمن خاں۔
وزیر اعظم نریندر مودی اور اتر پردیش کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ کے آدھار کارڈ کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرنے والے نوجوان کو گجرات پولیس نے گرفتار کر لیا ہے۔ اسے بہار کے مظفر پور کے کانٹی سے گرفتار کرکے پولیس اسے اپنے ساتھ لے گئی ہے۔
معلومات کے مطابق ملزم کی شناخت کنتی سادات پور کے ارپن دوبے عرف مدن کمار کے طور پر کی گئی ہے۔ وہ بنیادی طور پر مظفر پور کے پارو تھانہ علاقے کا رہنے والا ہے۔ سادات پور میں رہ کر وہ گریجویشن کررہاہے۔ اس کے پاس سے موبائل بھی ضبط کر لیا گیا ہے۔ اس موبائل میں آدھار کارڈ کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کے ثبوت بھی ملے ہیں۔ اس کی گرفتاری کے بعد پولیس اسے گجرات لے جانے کے لیے روانہ ہو گئی ہے۔ کانتی تھانیدار سنجے کمار نے ارپن دوبے کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے۔
بتایا جا رہا ہے کہ کانتی اور اہیا پور پولیس کی ٹیم بھی گجرات پولیس کے ساتھ تھی۔ الزام ہے کہ ارپن نے آدھار کارڈ پورٹل کے ذریعے نریندر مودی اور یوگی آدتیہ ناتھ کے آدھار کارڈ کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی تھی۔ دونوں کی تاریخ پیدائش سمیت دیگر ڈیٹا کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کی کوشش کی گئی۔ اس کے بعد گجرات کے سائبر اسٹیشن کی پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی۔
اس تفتیش میں موبائل کے آئی پی ایڈریس کے ذریعے تفصیلات نکال کر گجرات کے احمد آباد سائبر پولیس اسٹیشن کی ٹیم مظفر پور پہنچی۔ اعلیٰ افسران کو معاملے سے آگاہ کیا۔ اس کے بعد سادات پور میں اہیا پور اور کانتی تھانوں کی پولیس کی مدد سے چھاپے مارے گئے۔ جہاں سے اسے گرفتار کیا گیا۔ اس کے بھائی کا موبائل بھی ضبط کیا گیا ہے۔
0 Comments