Latest News

مسلم پرنسل لاء بورڈ کے وفد کی پرکاش امبیڈکر سے ملاقات، سول کوڈ ودیگر مسائل پر تبادلہ خیال۔

ممبئی: آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کی ہدایت کے مطابق یکساں سول کوڈ کے سلسلے میں بورڈ کے مقامی اراکین مختلف مکاتب فکر اور ملی شخصیات کے ہمراہ مختلف سیاسی پارٹیوں کے لیڈران اور مختلف مذاہب کی مذہبی شخصیات سے ملاقات کررہے ہیں، اب تک شردپوار، نانا پٹولے،ادھو ٹھاکرے، ابوعاصم اعظمی اور سکھ مذہب کے مذہبی رہنماوں سے ملاقات ہوچکی ہے ـ آج اسی سلسلے میں ونچت اگاڑی کے لیڈر مسٹر پرکاش امبیڈکر سے مسلم پرسنل لاء بورڈ کے وفد کی ملاقات ہوئی ـ
ملاقات کے دوران وفد کے ارکین نے پرکاش امبیڈکر سے کہا کہ جب سے مرکز میں بی جے پی حکومت اقتدار میں آئی ہے تب سے ملک بھر میں کمزوروں، دلتوں، پچھڑوں اور اقلیتوں خصوصا مسلمانوں کے ساتھ مسلسل ناانصافی اور ظلم کا سلسلہ جاری ہے، کبھی موب لنچنگ، بلڈوزروں کا غلط استعمال، عبادت گاہوں پر حملے ہورہے ہیں، غریبوں، پچھڑوں پر ظلم کی انتہا یہاں تک پہونچ چکی ہے کہ آزادی کے پچھتر سال بعد بھی کسی دلت نوجوان کا گھوڑی پر چھڑھ کر بارات نکالنا گوارا نہیں، کسی سے تلوے چٹوائے جاتے ہیں کسی کے اوپر پیشاب کردیا جاتا ہے ـ

وفد کے اراکین نے یونیفارم سول کوڈ کے سلسلے میں بتایا کہ یہ صرف مسلمانوں کے لئے ہی نہیں بلکہ دیگر اقلیتوں،ادیواسی اور قبائل کے بھی خلاف ہوگا، ہمارے ملک کی خوبصورتی ہی یہی ہے کہ یہاں مختلف مذاہب، مختلف تہذیب اور الگ الگ زبانیں بولنے والے افراد آپس میں مل جل کر رہتے ہیں، یہاں ایک ہی مذہب کے ماننے والوں میں شمال اور جنوب کے کلچر کے اندر فرق پایا جاتاہے، ان حالات میں یکساں سول کوڈ ملک کے لئے فائدہ مند ہونے کے بجائے سخت نقصان دہ ثابت ہوگا ـ
 وفد کے اراکین نے مسٹر امبیڈکر سے کہا کہ موجودہ حالات میں سب سے اہم ضرورت اس بات کی ہے کہ سارے کمزور، مظلوم ایک ساتھ مل کر دیگر ہم خیال پارٹیوں اور تنطیموں کے ساتھ اس ظالم حکومت کے خلاف بھرپور جدوجہد کریں ـ اُن سے یہ بھی کہا گیا کہ آپ ملک کے اہم لیڈر ہیں، دستور ساز کمیٹی کےصدر ڈاکٹر بابا صاحب امیبڈکر سےآ پ کا خونی رشتہ بھی ہے اس لئے اس ملک کے تمام جمہوریت پسند افراد آپ سے امید رکھتے ہیں کہ آپ حکومت کی تمام غیر دستوری حرکتوں کے خلاف کھل کر آواز بلند کریں گے اور اپنے دادا کے بنائے ہوئےسیکولر دستور کو فرقہ پرستوں کی دست برد سے بچائیں گے ـ
پرکاش امبیڈکر نے پوری گفتگو غور سے سنی اور کہا کہ بی جے پی یہ سب تماشے اگلے سال ہونے والے الیکشن کے پیش نظر کررہی ہے ـ وہ اسی لئے جذباتی اور مذہبی مسائل چھیڑتے ہیں تاکہ مسلمان مشتعل ہوکر مسلمان سڑکوں پر آئیں اور اُنھیں اپنے ووٹ بنک کو متحد رکھنے کا موقع مل سکے، انھوں نے یقین دلایا کہ بابا صاحب امبیڈکر کے بنائے ہوئے دستور کے خلاف ہونے والے ہر عمل کی مخالفت کی جائے گی، انھوں نے کہا کہ مسلمانوں کو چاہیئے کہ اس مسئلہ کو صرف مسلم مسئلہ نہ بنائیں بلکہ سیکولرازم اور دستور کا مسئلہ بناکر پیش کریں ـ
مسلم پرسنل لاء بورڈ کی طرف سے ابھی کئی اور سیاسی رہنماؤں سے ملاقات کا پروگرام ہے ـ اس کے علاوہ عیسائی، بدھ، جین کے ساتھ دلت، ادی واسی، وقبائلی لیڈران سے بھی ملاقات طے ہے ـ 
اس وفد میں مولانا محمود احمد خاں دریابادی، ڈاکٹر ظہیرقاضی، فریدشیخ، مولانا روح ظفر، اقبال چوناوالا، مولانا انیس اشرفی، مولانا عبدالجلیل سلفی، شاکر شیخ اور ڈاکٹر سلیم خان مسرور قریشی شامل تھے ـ

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر