مظفرنگر: سمیر چودھری/عزیز الرحمن خاں۔
جمعیۃ علماء ضلع مظفرنگر کے ایک وفد نے جمعیة کے ریاستی سکریٹری قاری ذاکر حسین قاسمی کی قیادت میں مختلف مسائل کو لے کر ایس ایس پی مظفرنگر سے ملاقات کی اور موجودہ حالات پر تبادلہ خیال کیا۔ میٹنگ کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے قاری ذاکر حسین قاسمی نے بتایا کہ کانوڑ یاتراکے دوران کس طریقہ سے امن اور بھائی چارہ قائم رہے ، اس سلسلہ میں ایس ایس پی مظفرنگر سے تبادلہ خیال ہوا ہے اور ساتھ ہی ضلع مظفرنگر کے کچھ ایسی اطلاعات موصول ہورہی تھیں کہ کچھ لوگ جو پہلے کبھی گﺅ کشی میں ملوث رہے ہیں لیکن اس وقت کافی عرصہ سے وہ اس کام سے دور ہیں اور پھل سبزی اور محنت ومزدوری کرکے اپنی زندگی گزاررہے ہیں ، ان کی فہرست بناکر ان کو گرفتار کیا جارہاہے ، اس سلسلہ میں بھی ایس ایس پی سے گفتگو ہوئی اور ان سے مطالبہ کیا گیا کہ کسی بھی بے قصور شخص کی گرفتاری نہ کی جائے اور عوام میں خوف کے ماحول کو جو اس وقت پیدا ہورہا ہے اسے ختم کیا جائے۔ قاری ذاکر حسین نے ضلع مظفرنگر کے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ کوئی اس طریقہ کا کام نہ کیا جائے جس سے کسی بھی مذہب یاذات کے جذبات مجروح ہوتے ہوں۔ انہوں نے کہا کہ جمعیة علماءہند ہمیشہ قومی یک جہتی ، امن اور بھائی چارے اور ملک کی ترقی کی بات کرتی ہے ۔ اگر کسی بھی ذات یا فرقہ کا شخص اس طرح کی سرگرمیوں میں ملوث ہوتاہے جس سے کسی دوسرے کے جذبات مجروح ہوتے ہوں اس کے خلاف کارروائی ہونی چاہئے ، لیکن صرف شک کی بنیاد پر کسی کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہونی چاہئے۔ یہ مطالبات وفد نے ایس ایس پی مظفرنگر کے سامنے رکھے جس کو انہو ںنے بغورسنا اور وفد کویقین دہانی کرائی کہ کوئی بھی بے قصور جیل نہیں جائے گا۔
0 Comments