کانپور: اسلامی سن ہجری کے تحفظ اور فروغ نیز اس کی تاریخ سے امت مسلمہ کو واقف کرانے کیلئے شہری جمعیۃ علماء کانپور کے دفتر میں نئے سال کی آمد کے موقع پر حسبِ سابق جلسہ استقبالِ اسلامی سال نو کا انعقاد کیا گیا جس کی صدارت شہری صدر ڈاکٹر حلیم اللہ خان نے فرمائی۔
جلسہ کو خطاب کرتے ہوئے شہری نائب صدر مولانا محمد اکرم جامعی نے کہا کہ اسلامی تقویم جسے سنہ ہجری کے نام سے جانا جاتا ہے۔ جس کی ابتداء خلیفہ دوم حضرت عمرؓ نے صحابہ کرامؓ کے مشورے سے کی تھی۔ جس کے 1444سال مکمل ہو کر 1445واں سال شروع ہو رہا ہے۔ اپنے اسلامی سال کی حفاظت اور اس سے وابستگی بھی ہماری ذمہ داری ہے۔ اسلامی مہینوں سے ہماری عبادات متعلق ہیں۔ تقویم اسلام کو فروغ دینا اور نسل نو کو اس سے روشناس کراتے ہوئے اس کی اہمیت افادیت کو ان کی ذہنوں میں بٹھانا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
سینئر سکریٹری زبیر احمد فاروقی نے کہا کہ ہم یوم شہادت پرخلیفہ دوم حضرت عمرؓ کو یاد کر رہے ہیں، اگر ہمیں حضرت عمرؓ سے محبت اور عقیدت ہے تو ہمیں اپنے کردار کی جانب توجہ دینا ہوگا۔ ان کی حیات طیبہ کودیکھنا، پڑھنا،سمجھنا ہے پھر اس پر عمل کرنے والا بننا ہے۔
جامعہ محمودیہ کے صدر المدرسین حضرت مولانا مفتی اسعد الدین صاحب قاسمی نے کہا کہ حضرت عمر ؓ اسلام کے وہ عظیم جرنل ہیں کہ جن کے ذریعہ اللہ رب العزت نے اسلام کو عزت بخشی اور اسلام کو فروغ دیا۔حضرات صحابہئ کرام نے واقعہ ہجرت کو بنیاد بنا کر کے قیامت تک آنے والے مسلمانوں کو یہ دعوت دی کہ ہر سال اسلامی سال کے آغاز پر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے واقعہ ہجرت کا مطالعہ کر کے اپنے اندر حوصلہ پیدا کرو۔کتنا ہی مایوس کن حالات ہوں۔ کتنا ہی ناگفتہ بہ حالات ہوں۔رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی ہجرت کے واقعات کو پڑھ کر ہمیں زنگی گذارنے کا حوصلہ ملتاہے۔
حق ایجوکیشن اینڈ ریسرچ فاؤنڈیشن کے چیئرمین مفتی عبد الرشید قاسمی نے کہا ہم جہاں بھی رہیں، جب بھی تاریخ کا استعمال کریں تو اس موقع سن ہجری کو ضرور یاد رکھیں۔کوئی پروگرام ترتیب دیں تو پہلے چاند کی یعنی ہجری تاریخ لکھیں پھر مطابق کرکے شمسی تاریخ کا استعمال کریں۔ مولانا اسامہ ؒ تو ہر سال پہلی محرم کو جلسہ کرواکر اس کی اہمیت سے واقف کراتے تھے۔ جب آپ ہجری تاریخ کا استعمال کریں گے تو یقینا اس کا ثواب اور اجر ملے گا۔ حلقہ کینٹ کے صدر مولانا انصار احمد جامعی سن ہجری کے فروغ کے سلسلے میں مفید آراء رکھیں۔
واضح ہو کہ جمعیۃ علماء کے ریاستی نائب صدر اور شہری جنرل سکریٹری مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی سفر حج پہ ہونے کی وجہ سے آن لائن شریک رہے۔
جلسہ کی صدارت شہری صدر ڈاکٹر حلیم اللہ خاں اور نظامت مولانامحمد اکرم جامعی نے فرمائی۔ اس موقع پر علماء، ائمہ وذمہ داران کثیر تعداد میں موجود رہے۔ اخیر میں شہری صدر ڈاکٹر حلیم اللہ خاں صاحب نے سب کا شکریہ ادا کیا۔
0 Comments