Latest News

دہلی کے رہائشی علاقوں میں پانی بھرا،حالات ابتر، بارڈر سیل، باہری ریاستوں کے لوگوں کے داخلے پر پابندی۔

ہریانہ میں ہتھنی کنڈ بیراج سے پانی چھوڑے جانے کے بعد دہلی میں جمنا ندی میں تیزی آگئی ہے۔ یمنا خطرے کے نشان سے 3 میٹر اوپر بہہ رہی ہے۔ ایسے میں دارالحکومت میں سیلاب جیسی صورتحال ہے۔ دہلی کی کئی سڑکوں پر جمنا کا پانی آگیا ہے۔ جس سے ٹریفک متاثر ہواہے۔ میٹرو سروس بھی متاثر ہوئی ہے۔ اس کے ساتھ ہی دہلی حکومت نے ایک ایڈوائزری میں کہا کہ باہر کی ریاستوں کے لوگ دہلی میں داخل نہ ہوں۔ وزیراعلیٰ کی رہائش گاہ کے 500 میٹر تک پانی جمع ہے۔ یمنا بازار، مجنو کا ٹیلا، نگم بودھ گھاٹ، خانقاہ بازار، وزیر آباد، گیتا کالونی اور شاہدرہ کے علاقے جمنا کے پانی کی سطح میں اضافے کی وجہ سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ دہلی حکومت نے ریاست سے باہر کے لوگوں کے داخلے پر پابندی لگا دی ہے۔ اسی لیے سنگھو بارڈر، بدر پور بارڈر، لونی بارڈر اور چِلا بارڈر کو سیل کر دیا گیا ہے۔ بھاری مال گاڑیوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی گئی ہے۔ تاہم چھوٹی گاڑیوں کا داخلہ جاری رہے گا۔
وزیر آباد، اوکھلا اور چندروال کے واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹس بند کر دیے گئے ہیں۔ اس سے راجدھانی کے کئی علاقوں میں پینے کے پانی کی قلت ہو سکتی ہے۔اروند کیجریوال حکومت نے مرکز سے مداخلت کرتے ہوئے پانی چھوڑنے کو روکنے کی اپیل کی، لیکن مرکز نے جواب دیا کہ بیراج سے اضافی پانی چھوڑنا پڑے گا۔ رات تک پانی کے اخراج میں کمی متوقع ہے۔ دہلی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی میٹنگ کے بعد وزیر اعلیٰ نے سرکاری ملازمین کو ہنگامی خدمات کے علاوہ گھر سے کام کرنے کو کہا ہے۔ نجی شعبے کو بھی گھر سے کام پر جانے کا مشورہ دیا گیا۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر