مظفرنگر: عزیز الرحمن خاں۔
میرٹھ کے سردھنہ کوتوالی میں شام تقریباً سات بجے شارٹ سرکٹ کی وجہ سے آگ لگ گئی۔ آگ لگنے سے تھانے کے میس میں رکھے کئی گیس سلنڈر پھٹ گئے۔ جس کی وجہ سے آگ نے بھیانک شکل اختیار کر لی۔ آگ کی لپیٹ میں آکر دو پولیس اہلکار جھلس گئے۔ 20 سے زائد گاڑیاں جل کر راکھ ہو گئیں۔ سائبر سیل اور مال خانہ میں رکھا ریکارڈ بھی تباہ ہو گیا۔ آدھے گھنٹے کے بعد پہنچی دو فائر انجنوں نے دو گھنٹے کی کوشش کے بعد آگ پر قابو پایا۔ جھلسے ہوئے پولیس اہلکاروں کو اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔
موصولہ اطلاعات کے مطابق مایا میس میں کھانا بنا رہی تھی کہ تھانے میں آگ لگ گئی۔ وہ گیس پر سبزی چڑھا کر میس سے باہر آئی۔ اس دوران برقی بورڈ میں چنگاری کے باعث وہاں آگ بھڑک اٹھی اور آگ گیس سلنڈر تک پہنچ گئی۔ سلنڈر پھٹنے سے پوری میس میں آگ لگ گئی۔ آگ کی لپیٹ میں آنے پر میس میں رکھے کئی سلنڈر یکے بعد دیگرے پھٹ گئے۔
اس کے بعد آگ پورے کمپلیکس میں پھیل گئی۔ سائبر سیل اور مال خانہ میں رکھا اسلحہ اور دیگر ریکارڈ جل کر راکھ ہو گیا مال خانہ کے انچارج منشی ہیمیندر، سائبر سیل کے کانسٹیبل سمیت راجورا اور پہرے پر مامور کانسٹیبل کیشو اتری آگ کی زد میں آ گئے۔
آگ سائبر سیل کے باہر کھڑی گاڑیوں تک پہنچ گئی۔ زور دار دھماکوں سے کئی گاڑیوں میں آگ بھی لگ گئی۔ تب تک پولیس والے وہاں جمع ہوگئے اور آس پاس کے لوگوں نے کچھ گاڑیوں کو ہٹا دیا۔ آگ لگنے کے فوراً بعد فائر بریگیڈ کو اطلاع دی گئی۔
نصف گھنٹہ بعد پہنچنے والی فائر بریگیڈ نے فوری طور پر آگ بجھانے کا کام شروع کر دیا۔ تب تک میونسپل کارپوریشن کا واٹر ٹینکر بھی جائے حادثہ پر پہنچ گیا۔ دو گھنٹے کی جدوجہد کے بعد دو فائر بریگیڈ نے آگ پر قابو پالیا۔ اے ڈی جی راجیو سبھروال، آئی جی نچیکیتا جھا، ایس ایس پی روہت سنگھ سجوان اور دیگر پولیس افسران اور ایس ڈی ایم جاگرتی اوستھی موقع پر پہنچ گئے۔
0 Comments