بھوپال: مدھیہ پردیش میں ایک انوکھا واقعہ پیش آیا، جہاں پولیس کا چھاپہ پڑنے پر پٹواری رشوت کے طور پر لیے گئے 5 ہزار روپے ہی نگل گیا۔ یہ واقعہ ریاست مدھیہ پردیش میں پیش آیا جہاں پیر کو کاتنی ضلع میں تعینات محکمہ ریونیو کے پٹواری گجندر سنگھ نے اسپیشل پولیس اسٹیبلشمنٹ کی ٹیم کے چھاپے کے دوران رنگے ہاتھوں پکڑے جانے پر رشوت کے طور پر لیے گئے کرنسی نوٹ چباکر نگل لیے۔
رپورٹس کے مطابق پٹواری گجندر سنگھ نے ایک اراضی کیس کے معاملے میں چندن سنگھ لودھی نامی شخص سے 5 ہزار روپے کی رشوت طلب کی تھی۔ تاہم اس شخص نے فوراً پٹواری کی شکایت اسپیشل پولیس اسٹیبلشمنٹ یونٹ میں کی۔
رپورٹس کے مطابق جانچ پڑتال کے بعد پولیس کی ٹیم پٹواری کے پاس پہنچی تو گجندر سنگھ جس نے اپنے نجی دفتر میں رشوت لی تھی، پولیس کا چھاپہ پڑنے پر رشوت کی رقم نگل گیا۔
تاہم پولیس کی جانب سے پٹواری کو گرفتار کیا گیا اور پھر اسے ڈسٹرکٹ اسپتال لایا گیا جہاں کافی کوششوں کے بعد بالآخر اس کے منہ سے گودے کی شکل میں رشوت کے نوٹ نکلے۔ پولیس کے مطابق پٹواری کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔
0 Comments