Latest News

منی پور میں پھر نسلی تشدد، دو گروپوں میں زبردست گولہ باری، اسکول اور گھر نذر آتش۔

منی پور:  (ایجنسی) میں تشدد رکنے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ بشنو پور ضلع میں ہفتہ کی دیر شام دو گروپوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ شروع ہوا۔ خواتین نے سڑکیں بلاک کرکے ٹائر جلائے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بشنو پور ضلع کے تروبنگ گرام پنچایت میں کوکی برادری کے سو سے زیادہ لوگوں نے کچھ مکانات اور میتی برادری سے تعلق رکھنے والے ایک اسکول کو جلا دیا۔ سیکیورٹی فورسز نے موقع پر پہنچ کر صورتحال کو کنٹرول کیا۔ کمبی کے بی جے پی ایم ایل اے سناسم پریم چندر سنگھ نے کہا، "یہ سب چورا چند پور ضلع سے آئے تھے اور اچانک حملہ کر دیا۔ منی پور میں 80 دنوں سے زائد عرصے سے نسلی تشدد جاری ہے، جس میں 150 سے زیادہ لوگ مارے گئے ہیں۔ حال ہی میں کوکی برادری سے تعلق رکھنے والی دو خواتین کو برہنہ کرکے سڑک پر پریڈ کرنے کی ویڈیو منظر عام پر آئی تھی۔ جس نے پورے ملک کو ہلا کر رکھ دیا ہے۔ خواتین کو برہنہ کرنے اور ان کے ساتھ اجتماعی عصمت دری کے معاملے میں پولیس نے ہفتے کے روز مزید دو افراد کو گرفتار کیا ہے۔ ان میں سے ایک کی عمر 19 سال اور دوسرے کی نابالغ ہے۔ اس معاملے میں اب تک تقریباً چھ گرفتاریاں ہو چکی ہیں۔ اس سے قبل 20 جولائی کو پولیس نے چار ملزمان کو گرفتار کیا تھا۔

اجتماعی عصمت دری اور قتل کا ایک اور کیس :ایک الگ واقعے میں ایک قبائلی خاتون نے سائکول پولیس اسٹیشن میں مقدمہ درج کرایا ہے کہ 4 مئی کو اس کی 21 سالہ بیٹی اور 24 سالہ دوست کے ساتھ ایک ہجوم نے اس کے گھر میں گھس کر اس کے ساتھ اجتماعی عصمت دری کی اور اسے بے دردی سے قتل کردیا۔
چورا چند پور سے تشدد شروع ہوا۔
منی پور میں تشدد 3 مئی کو ریاستی دارالحکومت امپھال سے تقریباً 63 کلومیٹر جنوب میں چورا چند پور ضلع سے شروع ہوا۔ اس ضلع میں کوکی قبائل زیادہ ہیں۔ 28 اپریل کو، انڈیجینس ٹرائبل لیڈرس فورم نے سرکاری زمین کے سروے کے خلاف احتجاج کرنے کے لیے چورا چند پور میں آٹھ گھنٹے کے بند کا اعلان کیا۔ کچھ ہی دیر میں اس بند نے پرتشدد شکل اختیار کر لی۔ اسی رات شرپسندوں نے ٹوئبونگ علاقے میں محکمہ جنگلات کے دفتر کو آگ لگا دی۔ 27-28 اپریل کے تشدد میں بنیادی طور پر پولیس اور کوکی قبائل آمنے سامنے تھے۔


Post a Comment

0 Comments

خاص خبر