نئی دہلی: جمعیۃ علماء ہند کے صدر مولانا محمود اسعد مدنی نے اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ شری یوگی آدتیہ ناتھ کی طرف سے گیان واپی مسجد پر دیے گئے حالیہ بیان کو غیرمعقول اور عدالتی عمل کو متاثر کرنے کی کوشش قرار دیا ہے۔مولانا مدنی نے کہا کہ گیان واپی مسجد کا معاملہ فی الحال عدالتوں کے سامنے ہے، اس موقع پر وزیر اعلیٰ جیسے اہم عہدے پر فائز شخص کے لیے ضروری ہے کہ نہ صرف خود عدالتی کارروائی کا احترام کریں بلکہ دوسروں کو بھی اس کے احترام پر ابھاریں ۔
مولانا مدنی نے کہا کہ انصاف کا اصول اس امر کا متقاضی ہے کہ وہ کسی بیرونی مداخلت یا دباؤ اور کسی فریق کی طرف داری سے پاک ہو۔اس اصول سے انحراف ہمارے عدالتی نظام کی سالمیت اور شفافیت کے لیے خطرہ ہے۔ ہم سمجھتے ہیں کہ ایک مضبوط اور آزاد عدلیہ ایک جمہوری معاشرے کی بنیاد ہے اور قانون کی حکمرانی کو ہر حال میں برقرار رکھا جانا چاہیے۔ قانونی عمل میں مداخلت کرنے یا ذیلی عدالتی معاملات پر اثر انداز ہونے کی کوئی بھی کوشش بہر حال غلط اور گمراہ کن ہے۔
0 Comments