کراچی: کراچی سے حویلیاں جانے والی ہزارہ ایکسپریس کی کئی بوگیاں نواب شاہ کے قریب پٹری سے اتر گئیں جس کے نتیجے میں کم از کم 30 افراد جاں بحق اور 80 سے زائد زخمی ہوگئے۔
ریلوے حکام کے مطابق کراچی سے آنے والی ہزارہ ایکسپریس سرہاری ریلوے اسٹیشن کے قریب حادثے کا شکار ہوئی، حادثے میں ہزارہ ایکسپریس کی کئی بوگیاں ٹریک سے اتر گئیں۔
اس حوالے سے ڈی ایس ریلوے محمود الرحمان کا کہنا ہے کہ نواب شاہ کے قریب ہزارہ ایکسپریس کی 10 بوگیاں پٹری سے اتریں، حادثے کے باعث اپ ٹریک پر ٹریفک معطل ہو گئی ہے، لوکوشیڈ روہڑی سے ریلیف ٹرین جائے حادثہ کی جانب روانہ کر دی گئی ہے۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ فی الحال حادثے کی وجوہات کے بارے میں معلوم نہیں ہو سکا ہے جبکہ ٹرین میں موجود مسافروں کا کہنا ہے کہ ہزارہ ایکسپریس میں بہت زیادہ مسافر سوار تھے اور ٹرین کا حادثہ اس قدر اچانک ہوا کہ سنبھلنے کا موقع ہی نہیں ملا۔
ایس ایس پی سانگھڑ عابد بلوچ کے مطابق ٹرین کی بوگیوں میں پھنسے افراد کو نکالنے کی کوشش کی جا رہی ہے، 10 ایس ایچ اوز، 4 ڈی ایس پیز اور 100 سے زائد پولیس اہلکار ریسکیو کے کام میں مصروف ہیں۔
ڈی آئی جی شہید بے نظیر آباد یونس چانڈیو نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ 10 میں سے 9 بوگیوں کو کلیئر کر دیا گیا ہے، ایک بوگی کو کلیئر کرانے کے لیے ہیوی مشینری کا انتظار ہے۔ دوسری جانب کمشنر نوابشاہ عباس بلوچ نے بتایا کہ ٹرین حادثے میں جاں بحق افراد کی تعداد 30 ہو چکی ہے، ایک بوگی میں اب بھی مسافر پھنسے ہوئے ہیں۔
0 Comments