Latest News

نئی دہلی میں گرجا گھر پر حملہ، زبردستی گرجا گھر میں گھس کر لگائے "جئے شری رام" کے نعرے۔

نئی دہلی: ملک کی دارالحکومت دہلی میں دائیں بازو کی جماعتوں کے حامیوں نے ایک گرجا گھر پر حملہ کرکے مسیحی برادری کے اراکین کو عبادت سے روکنے کی کوشش کی ہے۔
’دا وائر‘ کے مطابق گرجا گھر پر حملے کا واقعہ نئی دہلی کے علاقے طاہر پور میں پیش آیا۔ حملے کا مقدمہ درج کروانے جب مسیحی برادری کے اراکین پولیس اسٹیشن پہنچے تو وہاں بجرنگ دَل، آر ایس ایس اور وشوا ہندو پریشاد کے کارکنان بھی پہنچ گئے اور مشتعل ہجوم کی جانب سے ’جے شری رام‘ کے نعرے لگائے گئے۔
مسیحی برادری کے اراکین کے مطابق اتوار کو جب وہ عبادت کر رہے تھے تو اس وقت کچھ افراد گرجا گھر میں داخل ہوئے، اُن کے پاس سپیکرز تھے جن پر تیز آواز میں ’ہم ہندو قوم بنیں گے، جے شری رام‘ جیسے نعرے بج رہے تھے۔
شِوم نامی ایک عینی شاہد کے مطابق ’مشتعل ہجوم بغیر اجازت گرجا گھر میں گُھس گیا اور ہمیں عبادت روکنے کا حکم دیا اور کہا کہ یہاں اب قانون بدل چکا ہے اور اب یہ ایک سیکولر ملک نہیں ہے۔‘
عینی شاہد کے مطابق حملہ آور نے عبادت میں مصروف افراد پر ڈنڈوں سے حملہ کیا جس کے نتیجے میں کچھ افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔ 

یونائیٹڈ کرسچن فورم کے مطابق انڈیا میں 2023 میں 23 ریاستوں میں مسیحی برادری پر حملے ہوئے ہیں جس میں سب سے زیادہ 155 واقعات اُتر بردیش میں ہوئے ہیں جبکہ 84 واقعات چھتیس گڑھ میں رپورٹ ہوئے ہیں۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر