برطانوی میڈیا کے مطابق میانمار کے صوبے راکھینی میں ڈوبنے والی کشتی میں 8 افراد کو زندہ بچالیا گیا تھا، حادثے میں 23 افراد ہلاک ہوئے جبکہ 30 سے زائد تاحال لاپتا ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں 13 خواتین اور 10 مرد شامل ہیں، تمام ہلاک شدگان کا تعلق میانمار کے روہنگیا مسلمانوں سے ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق زندہ بچ جانے والے افراد نے بتایا کہ کشتی پر 50 سے زائد مسافر سوار تھے، وہ ملائیشیا پہنچنے کی کوشش کر رہے تھے جب گزشتہ اتوار کے روز کشتی کا عملہ انہیں بیچ سمندر چھوڑ کر فرار ہو گیا تھا جس کے بعد کشتی ایک بڑی لہر کی زد میں آکر ڈوب گئی تھی۔
زندہ بچ جانے والوں نے بتایا کہ انسانی اسمگلروں نے کشتی پر سوار روہنگیا مسافروں سے ملائیشیا پہنچانے کیلئے فی کس 4 ہزار ڈالر وصول کیے تھے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق میانمار میں نسل کشی کے خوف اور مظالم سے تنگ آکر ہر سال ہزاروں روہنگیا مسلمان ملائیشیا اور انڈونیشیا کی جانب فرار ہونے کی کوشش کرتے ہیں جبکہ بنگلادیش میں بھی روہنگیا مسلمانوں کے اوور کراؤڈڈ مہاجر کیمپس قائم ہیں۔
0 Comments