Latest News

مساجد کا احترام ملحوظ رکھتے ہوئے تعلیم، قضاء، تبلیغ، غیر مسلموں کیلئے دعوت کے پروگرام درست، کل ہند اسلامک علمی اکیڈمی میں طویل بحث کے بعد مفتیان کرام کا فیصلہ۔

کانپور: دور جدید میں پیش آنے والے نئے اور پیچیدہ مسائل کے حل کیلئے شہر کانپور کے جید علماء و مفتیان پر مشتمل مولانا محمد متین الحق اسامہ صاحب قاسمیؒ کی قائم کردہ کل ہنداسلامک علمی اکیڈمی کی ماہانہ نشست جامعہ محمودیہ اشرف العلوم جاجمؤ میں الحاج مفتی اقبال احمد قاسمی کی صدارت میں منعقد ہوئی۔ میٹنگ کے موضوعات یہ تھے۔
1۔عہد نبوت میں مسجد النبی صلی اللہ علیہ وسلم میں پنجوقتہ نماز ذکر وعبادت کے علاوہ جو امور انجام پاتے تھے مثلاً مجلسِ قضاء، وفود کا قیام، جہاد کی ترتیب، قیدیوں کو باندھنا وغیرہ یہ دیگر مساجد میں بھی انجام دیئے جاتے تھے یا نہیں۔؟نیز یہ سلسلہ نبوی صلی اللہ علیہ وسلم سے کب اور کیسے ختم ہوگیا۔؟ 2۔ٹیپ ریکارڈر اور دیگر آلات کے ذریعے آیات سجدہ سننے پر سجدہ تلاوت واجب ہوگا یا نہیں یا اس میں کچھ تفصیل ہے۔؟ 3۔ملک کے موجودہ حالات میں قنوتِ نازلہ فجر کے علاوہ کسی اور نماز میں پڑھ سکتے ہیں یا نہیں۔؟ 4۔قرض کے لین دین میں سودی معاملہ سے بچتے ہوئے اس طرح نفع اٹھانا کہ مثلاً قرض لینے والا جس سامان کی خریداری کے لئے قرض لے رہا ہے وہی سامان پہلے قرض دینے والے کی نیت سے نقد خرید کر پھر اسے خود اپنے لئے ادھار مہنگا خرید لے تاکہ قرض دینے والے کا نفع ہوجائے یہ طریقہ شرعاً صحیح ہے یا نہیں۔؟
پہلے موضوع پر عصر سے لے کر عشاء تک طویل بحث چلی، مختلف پہلوؤں پر بحث کے بعد مفتیان کرام نے فیصلہ کیا کہ مساجد دین اسلام کا شعار ہیں۔جن کے قیام کا اصل مقصد اللہ رب العزت کا ذکر و عبادت ہے۔خصوصاً پنجوقتہ نماز باجماعت کا اہتمام مقصود ہے،البتہ مسجد کے تقدس و احترام کو باقی رکھتے ہوئے مسجد میں دیگر دینی تقاضے تعلیم و قضاء اور تبلیغ اسلام مثلاً غیر مسلموں کے شکوک و شبہات کے ازالہ کے لئے مساجد میں پروگرام و غیرہ امور انفراداً یا اجتماعاً انجام دینا بھی درست ہے۔ایک ہی مسئلہ پر وقت مکمل ہوجانے کی بنا پر دیگر موضوعات زیر بحث نہ آ سکے۔ جن کو آئندہ نشست پر موقوف کر دیا گیا۔
میٹنگ کا آغازمفتی واصف قاسمی نے تلاوت قرآن پا ک سے کیا۔ میٹنگ میں اگلی نشست 11/ستمبر بروزپیر کوطے کی گئی۔
میٹنگ میں علمی اکیڈمی کے صدر مفتی اقبال احمد قاسمی، نائب صدر مفتی عبد الرشید قاسمی، جنرل سکریٹری مولانا خلیل احمد مظاہری، جمعیۃ علماء کے ریاستی نائب صدر مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی کے علاوہ مفتی اسعد الدین قاسمی، مفتی سید محمد عثمان قاسمی، مولانا محمد انیس خاں قاسمی، مولانا محمد انعام اللہ قاسمی، مفتی سعود مرشد قاسمی، مولانا حفظ الرحمن قاسمی، مفتی اظہار مکرم قاسمی، مفتی محمد واصف قاسمی ، مفتی محمد دانش قاسمی،مولانا محمد ذاکر قاسمی، مفتی محمد حسان قاسمی،مفتی محمد معاذ قاسمی،مفتی عاقب شاہد قاسمی،، مولانا امیر حمزہ قاسمی،مفتی سلطان قمر قاسمی،حافظ الماس بطور خاص موجود تھے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر