Latest News

مذہب کی بنیاد پردہلی کے اسکول میں بھی تفریق کا معاملہ، ٹیچر کے ذریعہ مسلم طلبہ کو نشانہ بنائے جانے پر والدین کا احتجاج ، ایف آئی آر درج۔

نئی دہلی: اُترپردیش کے مظفر نگر کے بعد ملک کی راجدھانی دہلی میں بھی مذہب کی بنیاد پرمسلم طلبہ کو نشانہ بنانے کا معاملہ سامنے آیاہے۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق سرکاری اسکول کی ایک ٹیچر نے مسلم طلبہ کے ساتھ مذہب کی بنیاد پر نہ صرف قابل اعتراض رویہ اختیار کیا بلکہ ان کے مذہبی عقیدہ کو مجروح کرنے کی کوشش کی اورغیرملکی کہہ کر مخاطب کیا۔مشرقی دہلی کے گاندھی نگراسمبلی حلقہ میں واقع کیلاش نگر کے سرودیہ بال ودیالیہ اسکول میں یہ معاملہ پیش آیا۔ اس کا بھی ویڈیوسوشل میڈیا پروائرل ہورہا ہے۔ معاملہ کی اطلاع ملتے ہی والدین نے مقامی افراد اورمقامی لیڈر حسیب الحسن کے ساتھ مل کر اسکول کے باہراحتجاج کیا اور ملزم ٹیچر کے خلاف سخت کارروائی کیلئے گاندھی نگرپولیس اسٹیشن میں تحریری شکایت دی جس کے بعد پولیس نے ایف آئی آر درج کرلی ہے۔ خبر لکھے جانے تک کوئی گرفتاری نہیں ہوئی تھی۔بتایا گیا ہے کہ یہ معاملہ 23 اگست2023کا ہے۔ طلبہ کے مطابق چندریان - 3کی کامیاب لینڈنگ کے موقع پر اسکول کی ٹیچر ہیما گلاٹی نے مسلم طلبہ کو مذہب کی بنیاد پر نشانہ بنایا۔ اسلام کے تعلق سے غلط سلط باتیں کیں اور کہا کہ’’ تم مسلمان، ہندوستانی نہیں ہو، تم لوگوں نے جنگ آزادی میں کوئی تعاون نہیں دیا۔ تم لوگ جانوروں پر ظلم ڈھاتے ہو اور بے دردی سے ذبح کر تے ہو۔‘‘میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نویں جماعت کے طالب علم فرحان نے بتایا کہ’’ ٹیچر نے مقامات مقدسہ کے تعلق سے بھی نازیبا کلمات کہے۔‘‘ اس کے ساتھی طالب علم اشراق نے بھی اس کی تصدیق کی۔ ‘‘ فرحان کے والد محمد ہاشم نے برہمی کااظہار کرتے ہوئے کہاکہ ہم اپنے بچوں کو اچھا انسان اور ان کے مستقبل کو بہتر بنانے کیلئے اسکول بھیجتے ہیں، اگر اسکول میں اس طرح کی تعلیم دی جائے گی تو بچوں کے مستقبل کا کیا ہوگا۔‘‘شاہدرہ کے ڈی سی پی روہت مینا نے نمائندوں کو بتایا کہ ’’اسکول ٹیچر کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور پولیس معاملہ کی تحقیقات کررہی ہے۔‘‘ سابق کونسلر حسیب الحسن نے اس واقعہ کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہاکہ ’’اساتذہ ہی یہ سب کرنے لگیں گے تو ہمارے ملک کا مستقبل کیا ہوگا۔‘‘ جمعیۃ علما ء صوبہ دہلی کے صدر مولانا عابد قاسمی نے بھی گہری تشویش کااظہار کرتے ہوئے ٹیچر کی گرفتاری کا مطالبہ کیا ۔مولانا نے کہاکہ مظفر نگر کے معاملہ سے ابھی باہر نہیں آپائے تھے کہ اب دہلی میں بھی ایسا ہی واقعہ پیش آگیا جس کی ہم مذمت کرتے ہیں ۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر