Latest News

عمران مسعودکی بی ایس پی سے چھٹی، راہل گاندھی کی تعریف کرنے پر مایاوتی کا ایکشن، پھر کانگرس میں واپسی کی چرچا۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
 بہوجن سماج پارٹی کی رہنما مایا وتی کی جانب سے مغربی اترپردیش کے قدآور لیڈر عمران مسعود کو پارٹی سے باہر کا راستہ دکھادیا گیا ہے۔مایاوتی کی ہدایت پر بہوجن سماج پارٹی کے ضلع صدر جنیشور پرساد نے عمران مسعود کو پارٹی سے اخراج کرنے کا لیٹر جاری کیا ہے۔ عمران مسعود نے کانگریس لیڈر راہل گاندھی کی جم کر تعریف کرتے ہوئے انہیں سیاست میں ملک کا ہیرو بتایا تھا، اسی وجہ سے عمران مسعود کو بہوجن سماج پارٹی سے باہر کا راستہ دکھایا ہے۔ 
ضلع صدر جنیشور پرساد نے پریس کو جاری بیان میں بتایا کہ عمران مسعود کو پارٹی مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے کے سبب پارٹی سے ان کا اخراج کردیا گیا ہے اور پارٹی ہائی کمان کے حکم پر یہ کارروائی عمل میں لائی گئی ہے۔ واضح ہو کہ کبھی بہوجن سماج پارٹی کو لٹیروں کا گینگ کہنے والے عمران مسعود خود سماج وادی پارٹی کی سائیکل چھوڑ کر ہاتھی پر سوار ہوئے تھے ، بتایا جاتا ہے کہ گزشتہ دنوں عمران مسعود نے راہل گاندھی کی تعریف کی تھی ، اسی بنا پر انہیں پارٹی سے نکالا گیا ہے۔ پارلیمانی انتخابات کی تیاریوں کے درمیان عمران مسعود کو بہوجن سماج پارٹی سے اخراج کے بعد اب سیاسی حلقوں میں بحث ومباحثہ شروع ہوگیا ہے۔
منگل کے روز بہوجن سماج پارٹی رہنما مایا وتی کے احکامات کے بعد عمران مسعود کے پارٹی سے اخراج کا لیٹر جاری کیا گیا ہے ، واضح ہو کہ کانگریس چھوڑ کر پہلے سماج وادی پارٹی اور بہوجن سماج پارٹی میں شامل ہوئے عمران مسعود کے ایک مرتبہ پھر کانگریس میں جانے کی اٹکلیں تیز ہوگئی ہیں ، وہیں عمران مسعود نے بہوجن سماج پارٹی سے اخراج کو لے کر صرف اتنا ہی کہا ہے کہ وہ اپنے لوگوں سے صلاح لینے کے بعد ہی آگے کا فیصلہ کریں گے۔ عمران مسعود 2022 کے اسمبلی انتخابات کے اعلان ہوتے ہی جنوری میں کانگریس چھوڑ کر پہلے سماج وادی پارٹی میں شامل ہوگئے تھے، لیکن9 مہینے کے بعد ہی انہوں نے سماج وادی پارٹی کو چھوڑ دیا تھا ۔ اسمبلی انتخابات میں سماج وادی پارٹی کے قومی صدر اکھلیش یادو نے انہیں کوئی توجہ نہیں دی جس کے سبب وہ اسمبلی کا انتخاب نہیں لڑ پائے تھے۔ اتنا ہی نہیں ایم ایل سی کے انتخاب میں بھی انہیں نظر انداز کیا گیا ۔ سماج وادی پارٹی میں کوئی ترجیح نہ ملنے سے کافی وقت سے بہوجن سماج پارٹی میں جانے کی تیاری میں لگے تھے ، اس درمیان انہوں نے دہلی میں بہوجن سماج پارٹی رہنما مایاوتی سے ملاقات کی تھی اور 10 ماہ قبل وہ بہوجن سماج پارٹی میں شامل ہوئے تھے ۔وہیں پارٹی رہنما مایاوتی نے انہیں لکھنؤ بلاکر آشیرواد بھی دیا اور بڑی ذمہ داری بھی سونپی تھی، ساتھ ہی مایاوتی نے عمران مسعود کو مغربی اترپردیش بہوجن سماج پارٹی کا کنوینر بناکر پارٹی کو ہر سطح پر مضبو ط بنانے اور خاص کر مسلمانوں کو پارٹی سے جوڑنے کی ذمہ داری سونپی تھی ۔اب عمران مسعود کو بہوجن سماج پارٹی سے باہر کا راستہ دکھادیا ہے۔
اس سلسلہ میں عمران مسعود نے کہا کہ وہ جہاں پر بھی رہتے ہیں اس پارٹی کی بھلائی کی بات کرتے ہیں ، کسی کو برا لگے تو اس میں ا ن کا کوئی قصور نہیں ہے۔ انہوںنے کہا کہ اپنے لوگوں سے گفتگو کرنے کے بعد اور سبھی کی رائے لینے کے بعد آگے کا فیصلہ کریں گے اور راہل گاندھی کی قیادت میں ملک سے آئین مخالف بی جے پی حکومت کو اکھاڑ پھینکنے کا کام کریں گے۔ عمران مسعود کا کہنا تھا کہ انہیں پہلے مایاوتی نے پارلیمانی انتخاب لڑنے کے لئے تیاری کرنے کے احکامات دیئے تھے، پھر بھی چاہے جو ہوجائے مجھے پارلیمانی انتخاب تو ہر حال میں لڑنا ہے، دراصل عمران مسعود نے گزشتہ دنوں ایک نجی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کانگریس لیڈر راہل گاندھی اور پرینکا گاندھی کی خوب تعریف کی تھی ، ان کا کہنا ہے کہ وہ جلد ہی اپنی رائے بتائیں گے اور لوگوں سے صلاح مشورہ کرنے کے بعد ہی آگے کا فیصلہ کریں گے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر