نئی دہلی : جمعیۃ علماء ہند کا وفد اپنے صدر مولانا محمود مدنی کی ہدایت پر میوات میں لگاتار راحت رسانی ، سروے اور قانونی کارروائی میں مصروف عمل ہے ، تنظیم نے ریلیف کمیٹی ، لیگل سیل اور سروے کمیٹیاں قائم کی ہیں۔ اپنے جائزے میں وفد نےبتایاکہ فرقہ پرستوں نے مسلمانوں کی متعدد عبادت گاہوں کو نشانہ بنایا، ان میں موجود مقدس کتابوں کو نذر آتش کیا اوربعض مسجدوں میں تبلیغی جماعت کے کارکنان کے سا تھ مارپیٹ کی ۔ اب تک جمعیۃ علما ء ہند نے 13 ایسی متاثرہ مساجد کا دورہ کیا ہے۔ صرف پلول میں6 مساجد نذر آتش کی گئیں، ہوڈل میں تین مساجد ، سوہنا میں تین مساجد، اور ایک مسجد گروگرام میں جلائی گئی ، گروگرام کی مسجد میں نائب امام کو بھی قتل کردیا ریاستی سرکار و انتظامیہ نے غیر قانونی طور پر مسلمانوں کے گھروں و دکانوں کو منہدم کردیا ، جس کے متعلق خود ہائی کورٹ نے تبصرہ کیا کہ یہ ایک کمیونٹی کی نسل کشی کے مترادف ہے، اگر ہائی کورٹ ازخود نوٹس نہیں لیتا تو یہ تعداد چار گنا زیادہ ہوتی۔ اس کے برعکس مسلمانوں کے مکان اور دکان جلانے اور ان کی عبادت گاہوں ، قرآن مقدس کی توہین کرنے والے، مسجد میں موجود امام اور تبلیغی جماعت پر حملہ کرنے والے آزاد گھوم رہے ہیں اور ان کے گھرو مکانات بھی محفوظ ہیں ۔
یہ باتیں اپنی رپورٹ میں جمعیۃ علماء ہند کے وفد نے لکھی ہیں -وفد کی قیادت مولانا حکیم الدین قاسمی جنرل سکریٹری جمعیۃ علماء ہند کررہے ہیں، وفد میں سینئر آرگنائزر مولانا غیور احمد قاسمی اور مولانا قاری نوشاد عادل ، قاری اسلم بڈیڈوی ، مولانا ساجد راجو پور ،و کیل یاسر عرفات ، مولانا صابر مظاہری ،مولانا شاہد ، مولانا شیر محمد مفتاحی ، مولانا جمیل شامل ہیں، جمعیۃ علماء ہند کی طرف سے ریاستی سطح پر مولانا یحییٰ کریمی ناظم اعلیٰ جمعیۃ علماء متحدہ پنچاب ،قاری محمد اسلیم بڈیڈوی صدر جمعیۃ علماء گڑگائوں، مفتی محمد سلیم ساکرس ، مولاناشیر محمد امینی گھاسیڑہ ، ماسٹر قاسم مدرسہ افضل العلوم مہوں، مولانا دلشا د، مولانا زکریا،مولاناتوفیق، مولانا طیب، حافظ یامین کارکن امن فیلوشپ، عالم بھائی وغیرہ لگاتار میدان عمل میں ہیں۔اس وفد نے ہوڈل کی بازار والی اور عیدگاہ والی مسجد کا دورہ کیا، جہاں ہر طرف سناٹا ہے مسجد جلی ہوئی اور ویران ہے۔وفد نے جن متاثرہ مساجد کا دورہ کیا ہے ، ان کے نام حسب ذیل ہیں
(۱) انجمن اسلام والی مسجد گروگرام (۲) مولوی جمیل والی مسجد سوہنا (۳) شاہی جامع مسجد بارہ کھمبا والی سوہنا(۴) لکڑشاہ والی مسجد سوہنا (۵) بازار والی مسجد ہوڈل(۶) عیدگاہ والی مسجد ہوڈل(۷)پنجابی کالونی جامع مسجد ہوڈل (۸)مدرسہ والی مسجد پلول (۹)پیر گلی والی مسجد پلول (۱۰)گپتا گنج گلی والی مسجد پلول (۱۱)کالی مسجد پلول (۱۲)حاجی نظام والی مسجد بس اسٹینڈ پلول (۱۳) رسول پور گاؤں والی مسجد پلول
0 Comments