Latest News

مسیحائے قوم گلزار اعظمی کے انتقال پر جمعیۃ علماءمہراج گنج کے زیر اہتمام دعائیہ نشست کا انعقاد۔

مہراج گنج: جمعیة علماءہند کے قانونی امداد کمیٹی کے سکریٹری الحاج گلزار احمد اعظمی کے انتقال پر جمعیة علماءمہراج گنج کے کیمپ آفس دارالعلوم فیض محمدی ہتھیا گڈھ ، لکشمی پور میں ایک تعزیتی نشست جمعیۃ کے سرپرست مولاناقاری محمد طیب قاسمی کی صدارت میں منعقد ہوئی، جس میں علماءکرام و اراکین جمعیةنے شرکت کی بعدہ قرآن خوانی وآیات کریمہ کے ورد کے ذریعہ مرحوم کے حق میں ایصال ثواب کیاگیا۔
  تعزیتی نشست سے خطاب کرتے ہوئے جمعیة کے سرپرست مولانا قاری محمد طیب قاسمی نے کہا کہ: گلزار اعظمی قوم کے مخلص رہنماءتھے، جمعیة میں شمولیت اختیار کرنے کے بعد تادم واپسیں جس شوق سے قوم کے نوجوانوں کے ساتھ مسیحائی کا فریضہ انجام دیا ہے ، قوم مسلم اسے بھول نہیں سکتی ۔ پورا ملک جانتا ہے کہ بے قصور محروسین کی رہائی کے لئے وکیلوں کا انتظام کرنا، اسباب رہائی کا بندوبست کرنا، مقدمات کی پیروی کے لئے مالی فراہمی کا مسئلہ ہو،یا پھر اس راستے میں ہر قسم کی آنے والی اڑچن، انہیں حل کیلئے پوری زندگی سینہ سپر رہے۔ انہی خوبیوں کی وجہ سے آپ کا شمار جمعیة کے صف اول کے قائدین میں ہوتا تھا۔ آپ کے انتقال سے ملت اسلامیہ بالخصوص جمعیةعلماء مہاراشٹر کا بھاری نقصان ہوا ہے، جس کی تلافی بظاہر ممکن نہیں دکھائی پڑ رہی ہے،مرحوم نہ تو پیر تھے اور نہ ہی جبہ ودستار کے مالک ، صرف اپنی قربانیوں اور قانونی خدمات کے حوالے سے طول وعرض میں ملک گیر شخصیت کا رتبہ حاصل کرچکے تھے، خدمت خلق کی خاطر سیاسی وسماجی میدان میں رہتے ہوئے آپ نے شریفانہ شان اور شرعی وضع قطع میں کبھی کمی آنے نہیں دی، پورے وقار اور زہد وتقویٰ کے ساتھ زندگی بسر کی۔

 جمعیة علماءکے جنرل سکریٹری مولانا محی الدین قاسمی ندوی نے اپنے گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ: قانونی امداد کمیٹی کے سکریٹری گلزار احمد اعظمی کے لئے ملک بھر کے مدارس ، دینی اداروں اور مساجد میں دعائے مغفرت اور ایصال ثواب کا اہتمام کیا جارہا ہے، آج ہم خدام جمعیت بھی موصوف کیلئے دعائے مغفرت کرتے ہیں، یقینا موصوف جمعیة کے مضبوط سپاہی، بلند پایہ رہنماءاور بڑے قدآور انسان تھے بے قصور افراد کیلئے مسیحا کے طور پورے ملک میں جانے جاتے تھے اور اپنی بے لوث خدمات اور بصیرت افروز رہنمائی کے سبب بہت سارے مسلم نوجوانوں کو رہائی بھی نصیب ہوئی ، یہ عمل انشاءاللہ ان کیلئے ذخیرۂ آخرت بنے گا۔ انہی خوبیوں اور دینی وسماجی خدمات کی وجہ سے سات دہائیوں تک ممبئی سمیت پورے ملک میں مرجع خلائق اور قومی صدر مولانا سید ارشد مدنی کی آنکھوں کا نور بنے رہے ، اللہ آپ کی خدمات و حسنات کو قبول فرمائے آمین۔ 
صدر جمعیة مولانا الطاف احمد ندوی نے بھی اپنے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ: جمعیة کی ترقی اور قوم وملت کی فلاح وبہبودی کیلئے گلزار احمد اعظمی کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائے گی۔ 
اس تعزیتی نشست میں جمعیة کے میڈیا انچار ج مفتی احسان الحق قاسمی، رکن اصلاح معاشرہ مولانا محمد سعید قاسمی ،رکن جمعیة ڈاکٹر محمد اشفاق قاسمی، مولانا ظل الرحمان ندوی ،مفتی آصف انظار ندوی، ڈاکٹر عزیر احمد ندوی، رکن جمعیة مولانا شکراللہ قاسمی، مولانا محمد یحیٰ ندوی، حافظ ذبیح اللہ ، حافظ ناظم ، حافظ عبداللہ، محمد قاسم، ماسٹر محمد عمر خان ، ماسٹر جاوید احمد ، ماسٹر فیض احمد ، حافظ وسیم احمد ، رکن جمعیة مولانا قاری عتیق الرحمان قاسمی، مولانا محمد صابر نعمانی، حافظ محمد وسیم، ملا محمد مسلم وغیرہ موجود تھے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر