رانچی: جھارکھنڈ کے رام گڑھ ضلع کے سکنی گاؤں میں شمشاد انصاری نامی نوجوان کا ہجوم نے پیٹ پیٹ کر قتل کر دیا۔ مویشی کاروباری شمشاد پر ایک بزرگ سے 5 ہزار روپے ٹھگنے کا الزام عائد کیا گیا تھا۔ وہیں شمشاد کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ اسے لوٹ پاٹ کے ارادے سے پیٹ پیٹ کر قتل کیا گیا ہے۔
شمشاد انصاری رام گڑھ کے جاریو گاؤں کا رہائشی تھا اور یہ واردات منگل کی شام انجام دی گئی۔ اس واردات کے بعد سکنی اور آس پاس کے گاؤں میں حالات کشیدہ ہیں۔
بتایا گیا کہ شمشاد نے مبینہ طور پر سکنی گاؤں کے ہردھن مہتو کو دھوکہ دے کر اس سے 5000 روپے لیے تھے۔ کچھ دیر بعد جب اس کے بیٹے رام کمار مہتو کو اس بات کا علم ہوا تو اس نے گاؤں والوں کو اس کی اطلاع دی۔ اس کے بعد بہت سے لوگ اس کی تلاش میں نکل پڑے۔
اسے سکنی مرنگ مارچہ ریل پل کے قریب پکڑا گیا اور پھر بری طرح پیٹا گیا۔ اس کے کپڑے پھٹے ہوئے تھے اور وہ تقریباً ننگا تھا۔ اس دوران اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچی اور شمشاد کو ہجوم کے چنگل سے چھڑایا اور علاج کے لیے صدر اسپتال میں داخل کرایا، جہاں وہ رات گئے دم توڑ گیا۔
وہیں، شمشاد کے اہل خانہ کا کہنا ہے کہ اسے لوٹ مار کی نیت سے مارا پیٹا گیا۔ واقعہ کی خبر پھیلتے ہی سکنی اور آس پاس کے دیہات میں کشیدگی پھیل گئی۔ پولیس کی موجودگی میں بدھ کو شمشاد کی لاش کا پوسٹ مارٹم کیا گیا۔ پولیس ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مار رہی ہے۔
0 Comments