Latest News

پاکستان میں عید میلاد النبی کے جلوس کے موقع پر خودکش حملہ، کم ازکم ۵۲ افراد ہلاک۔

پاکستان کے صوبہ بلوچستان میں ہونے والے ایک خودکش بم دھماکے کے نتیجے میں کم ازکم 52 افراد ہلاک جبکہ پچاس سے زائد زخمی ہو گئے ہیں۔ صوبائی حکومت نے اس حادثے پر تین روز ہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔
ڈپٹی انسپکٹر جنرل آف پولیس منیر احمد نے نیوز ایجنسی روئٹرز کو بتایا، ”بمبار نے ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کی گاڑی کے قریب خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔‘‘ انہوں نے مزید کہا کہ دھماکہ ضلع مستونگ کی ایک مسجد کے قریب ہوا، جہاں لوگ پیغمبر اسلام کی پیدائش کے دن کی مناسبت سے ایک جلوس میں شرکت کے لیے جمع تھے۔
دنیا کے اکثر مسلم ممالک میں اسلامی کیلنڈر کے مطابق بارہ ربیع الاول کے روز پیغمبر اسلام کا یوم ولادت منایا جاتا ہے اور پاکستان میں اس دن عام تعطیل ہوتی ہے۔
ابھی تک کسی بھی فرد یا گروہ نے اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے بھی اس حملے میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔ اس دھماکے کے زخمیوں کو مستونگ کے قریبی اسپتالوں میں طبی امداد دی جا رہی ہے۔
نگران وفاقی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی نے اس دھماکے کو "انتہائی گھناؤنا فعل” قرار دیا۔ جولائی میں صوبہ خیبر پختونخوا میں ایک مذہبی سیاسی جماعت کے ایک اجتماع میں خودکش بم دھماکے میں 40 سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر