نئی دہلی: دارالحکومت دہلی میں جی 20 سربراہی اجلاس میں شرکت کیلئے عالمی رہنماؤں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، اجلاس میں غریب ممالک کیلئے قرضوں میں ریلیف، موسمیاتی تبدیلی کے خلاف اقدامات اور غذائی تحفظ بڑھانے پر بھی بات ہوگی۔
دو روزہ جی 20 سربراہی اجلاس ہفتہ سے دارالحکومت نئی دلی میں شروع ہو رہا ہے، اجلاس میں شرکت کیلئے سربراہوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے، امریکی صدر جو بائیڈن بھی جی 20 سربراہی اجلاس میں شرکت کے لیےنئی دلی پہنچ گئے ہیں۔ اس کے علاوہ برطانوی وزیر اعظم رشی سونک بھی جی 20 سربراہی اجلاس کیلئے بھارت پہنچ گئے ہیں۔ ترکیہ کے صدر طیب اردگان جمعہ کی شام نئی دلی پہنچ گئے ہیں وہیں سعودی عرب کے کراؤن پرنس محمد بن سلمان بھی نہیں دلی پہنچ رہے ہیں۔ بنگلہ دیش کے وزیراعظم شیخ حسینہ بھی نئی دلی پہنچ گئی ہیں۔
واضح رہے کہ چینی صدرشی جن پنگ نے بھارت میں ہونے والے جی 20 سربراہی اجلاس میں شرکت سے معذرت کر لی تھی ان کی جگہ چینی وزیر اعظم لی چیانگ اجلاس میں شریک ہوں گے۔ اس کے علاوہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے بھی جی 20 ممالک کے سربراہی اجلاس میں شرکت سے معذرت کی تھی۔
ہفتہ سے نئی دلی میں شروع ہونے والے اجلاس میں سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور وزیراعظم نریندر مودی سرمایہ کاری فورم کی میزبانی کریں گے، سرمایہ کاری فورم میں کیمیکلز، انرجی، مینو فیکچرنگ اور ٹیکنالوجی پراجیکٹس پر توجہ مرکوز رہے گی۔ سعودی وزارت سرمایہ کاری کے مطابق سرمایہ کاری فورم کا مقصد تیل پر انحصار کے ساتھ ساتھ معیشت میں تنوع کی کوشش کرنا ہے۔
اجلاس کے موقع پر سعودی عرب کے امریکا، بھارت اور یواے ای کے رہنماؤں کے ساتھ ایک انفرا اسٹرکچر ڈیل کا بھی امکان ہے جس کےتحت خلیجی اور عرب ممالک ریلوے اور بندرگاہوں کے ذریعے بھارت سے جڑ سکیں گے۔
اس کے علاوہ اجلاس میں وزیراعظم مودی 15 سے زائد عالمی رہنماؤں سے سائیڈ لائن ملاقاتیں کریں گے۔ وزیراعظم مودی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ وہ آج اپنی رہائش گاہ پر امریکی صدر جوبائیڈن ،وزیراعظم بنگلا دیش اور وزیراعظم موریشس سے دوطرفہ ملاقات کریں گے۔ یہ ملاقاتیں دو طرفہ تعلقات کا جائزہ لینے، ترقیاتی تعاون کو مزید مستحکم کرنے کا موقع فراہم کریں گی۔ دوسری جانب نئی دلی میں جی20 اجلاس سے قبل تبتی کمیونٹی نے احتجاج کیا، نئی دلی میں جی20 اجلاس کےحوالےسےسکیورٹی سخت ہے۔
ادھر، وزیر اعظم نریندر مودی نے امریکہ کے صدر جو بائیڈن کا آج ہندوستان میں خیرمقدم کرتے ہوئے ہندوستان اور امریکہ کے درمیان قریبی اور پائیدار اشتراک کا اعادہ کیا۔ قائدین نے وزیر اعظم مودی کے جون 2023 کے تاریخی واشنگٹن دورےکی زمینی کامیابیوں کو عملی جامہ پہنانے کے لیے جاری خاطر خواہ پیش رفت کی تعریف کی۔دونوں رہنماؤں نے دوبارہ اس بات پر زور دیا کہ آزادی، جمہوریت، انسانی حقوق، تکثیریت اور تمام شہریوں کے لیے مساوی اقدار کامیابی کے لیے اہم ہیں کیونکہ یہ اقدار ہمارے تعلقات کو استحکام دیتے ہیں۔
0 Comments