Latest News

ممبئی اُردو نیوز کے نیوز ایڈیٹر عبدالرحمان صدیقی کا انتقال، ۴۵ سالہ دور صحافت کا خاتمہ، ’ہندوستان ‘اخبار کے دفتر میں آخری سانس لی، ممبرا میں تدفین آج ۔

ممبئی:نازش ہما قاسمی۔
 گزشتہ ۴۵ برسوں سے اردو صحافت میں سرگرم ، ممبئی اردو نیوز کے ایگزیکٹیو ایڈیٹر اور نیوز ا یڈیٹر جناب عبدالرحمان صدیقی یکم؍ ستمبر کو بعد نماز عصر تقریباً شام چھ بجے اس دنیا سے۶۴ برس کی عمر میں رخصت ہوگئے۔ انا للہ وانا الیہ راجعون۔نماز جنازہ و تدفین۲؍ ستمبر کو ممبرا میں بعد نماز عصر ایم ایم ویلی قبرستان میں ادا کی جائے گی۔ آج صبح وہ اپنی قیام گاہ واقع ممبرا سے پریس کلب گئے، پھر وہاں سے دفتر اردو نیوز کے لیے نکلے تھے، راستے میں روزنامہ ہندوستان کے دفتر میں ملاقات کے لیے چلے گئے وہیں غش کھاکر گرپڑے اور پھر انہیں ہوش نہیں آیا، ڈاکٹروں سے طبی معائنہ کرایاگیا جنہوں نے ان کے انتقال کی تصدیق کردی۔انہوں نے ۱۹۸۲ ممبئی شہر میں جس اخبارسے اپنی صحافتی زندگی کا آغاز کیاتھا اسی دفتر میںاچانک ملاقات کرنے آئے تھے گویا ان کی موت انہیں یہاں لے کر آئی تھی وہ کمپیوٹر آپریٹیر کے ساتھ کچھ کام کروا رہے تھے اسی وقت ان کی طبیعت ناساز ہوئی اور حرکت قلب بند ہونے سےروح قفس عنصری سے پرواز کر گئی۔پسماندگان میں بیوہ، بیٹا ضیاء الرحمان صدیقی، اور بہو ہیں۔ مرحوم عبدالرحمان صدیقی نے اپنے صحافتی سفر کا آغاز روزنامہ ’ہندوستان‘ سے کیا پھر کانپور چلے گئے اور وہاں مولانا اسحاق علمی کے اخبار ’سیاست جدید‘ سے منسلک رہے بعد میں انہوں نے ملک بھر کے کئی اہم اخبارات میں اپنی خدمات انجام دیں، وہ دہلی کے فیصل جدید سے بھی وابستہ رہے، ابتداء ممبئی کے روزنامہ ہندوستان میں بطور مترجم پھرریاض احمد خان کی ادارت میں روزنامہ انقلاب میں بھی مترجم کی حیثیت سے کام کیا۔ روزنامہ اردو ٹائمزمیں۱۴؍ برسوں تک ایگزیکٹیو ایڈیٹر کے طور پرکام کیا۔ وہ وہاں اخبار کے مینیجنگ ایڈیٹر مرحوم معین احمد کے دست راست تھے، اور اخبار کو بلندیوں تک پہنچانے میں نمایاں کردار نبھایا تھا۔ حالیہ دنوں میں وہ روزنامہ ممبئی اردو نیوز سے وابستہ تھے اور یہاں نیوز ایڈیٹر کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے تھے۔ ماضی میں ہندی کے کئی روزناموںسے بھی منسلک تھے۔ ان کی صحافتی خدمات پر مہاراشٹر اسٹیٹ اردو ساہتیہ اکیڈمی سے ایوارڈ بھی ملا تھا ، اس کے علاوہ بھی کئی تنظیموں نے ان کی خدمات کا اعتراف کرتے ہوئے ایوارڈ و اعزاز سے نوازا تھا۔ ان کی پیدائش کانپور ۱۵؍ اگست ۱۹۶۱ کو ہوئی۔ ابتدائی تعلیم دینی مدرسے سے حاصل کی پھر عصری علوم کی طرف راغب ہوئے اور صحافتی کورس وغیرہ کیا۔ مرحوم کو اردو، ہندی، سنسکرت، فارسی اور انگریزی زبانوں پر عبور حاصل تھا۔ اپنی صحافتی زندگی میں مرحوم نے بہت سے لوگوں کو جرنلسٹ بنایا اور بہت سے افراد کو مضامین وغیرہ لکھنا سکھایا۔مرحوم نیک دل، سادگی پسند، کم گو اور خوددار انسان تھے، سنجیدگی اور شرافت ان کے کردار کا بنیادی جزوتھی، مرحوم کو کتابیں پڑھنے کا بے حد شوق تھا، وہ اردو اور انگریزی کی پسندیدہ کتابیں خرید کر پڑھتے تھے۔ دوران سفر بھی وہ مطالعے میں غرق رہا کرتے تھے۔ ان کے’اداریے‘ اور’مضامین‘ بے باک لیکن غیر جذباتی ہوا کرتے تھے۔ ان کے سانحہ ارتحال پر ممبئی،کانپور،دہلی کی صحافتی برداری میں ایک خلاء سا محسوس کیا جا رہاہے۔ادارہ ’ممبئی اردو نیوز‘ اس کا عملہ اور ذمہ داران سب ہی صدمے میں ہیں۔ اللہ تعالی سے دعا ہے کہ اللہ مرحوم کی مغفرت کرتے ہوئے کروٹ کروٹ جنت نصیب فرمائے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر