کانپور: ضلع جھانسی کے انتہائی متحرک اور معروف عالم دین، جمعیۃ علماء جھانسی کے صدر اور جمعیۃ علماء وسطی اترپردیش کے نائب صدر مولانا محمد عامل قاسمی کا طویل علالت کے بعد جھانسی کے ایک اسپتال میں حرکت قلب بند ہونے سے انتقال ہوگیا۔ اس افسوسناک خبر سے جہاں ایک طرف مولانا نے متعلقین و محبین کو گہرا صدمہ پہنچا وہیں ملک بھر سے علمائے کرام کے تعزیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہوگیا۔ جمعیۃ علماء اترپردیش کے نائب صدر مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی نے اپنے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مولانا سے ہمارے گھرانے کا بڑا قدیم تعلق تھا، میرے نانا مولانا سید نفیس اکبر قاسمیؒ شیخ الحدیث جامعہ عربیہ ہتھورہ اکثر جھانسی تشریف لے جاتے تھے، میرے دادا مولانا مبین الحق قاسمیؒ شیخ الحدیث جامع العلوم پٹکاپور مولانا سے تعلق رکھتے تھے اور میرے والد مولانا محمدمتین الحق اسامہ قاسمیؒ سابق صدر جمعیۃ علماء اتردیش مولانا علیہ الرحمہ کی بڑی قدر کیا کرتے تھے اور مولاناؒ بھی ان حضرات سے عقیدت و محبت کا تعلق رکھتے تھے۔ حتی کہ تین سال قبل والد ماجد علیہ الرحمہ کے وصال کے بعد مولاناؒ نے اس ناچیز کے ساتھ اسی محبت و شفقت کا معاملہ فرمایا۔ مولانا عبداللہ قاسمی نے کہا کہ سال گذشتہ مولانا کے مدرسہ کے جلسہ دستار بندی میں مجھے بھی شرکت کا موقع ملا، علاقہ کے لوگوں کی مولانا سے والہانہ محبت، مدرسہ کا حسن انتظام، تعلیمی معیار، طلباء کا ذوق و شوق اور مولانا کی فکرمندی بڑی متاثر کن تھی۔ انہوں نے کہا کہ یوں تو ہر کوئی جانے کے لئے ہی آیا ہے لیکن مولانا عامل صاحب کا جانا علاقہ کے ساتھ خود میرے لئے بھی بڑے گہرے صدمے کا سبب ہے۔
جمعیۃ علماء وسطی اترپردیش کے صدر مولانا اسلام الحق اسجد قاسمی نے کہا کہ مولانا کے ساتھ جمعیۃ علماء میں اچھا ساتھ رہا، گذشتہ ٹرم میں جب صدارت کے لئے احقر کو منتخب کیا گیا تو مولانا نے پورے شرحِ صدر کے ساتھ تائید فرمائی اور وقتا فوقتا مفید مشوروں سے نوازتے رہے۔ گذشتہ کچھ عرصہ سے مولانا کی طبیعت خرابی کی اطلاعات موصول ہورہی تھیں لیکن اس کا اندازہ نہیں تھا کہ مولانا اتنی جلدی داغِ مفارقت دے جائیں گے۔ مولاناؒ کے جانے سے ایک گہرا خلا ہوا جسے پر کرنا مشکل نظر آرہا ہے۔
وسطی اترپردیش کے جنرل سکریٹری مفتی ظفر احمد قاسمی نے مولاناؒ سے اپنی قلبی وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے اسے وسط اترپردیش خصوصا علاقہ بندیل کھنڈ کیلئے سخت خسارہ کا سبب بتلایا۔انہوں نے کہا کہ بندیل کھنڈ کے لئے مولانا کی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔
ان حضرات نے جمعیۃ علماء وسطی اترپردیش کے جملہ اراکین، عہدیداران، ائمہ، علماء، اساتذہ وطلبائے مدارس سمیت تمام مسلمانوں سے مولانا محمد عامل قاسمیؒ کیلئے دعائے مغفرت اور ایصالِ ثواب کی اپیل کی ہے۔
0 Comments