جمعیۃ علماءہند کے ضلع صدر اور جامعہ مظاہر علوم سہارنپور کے استاذ حدیث و تفسیر اور علاقہ کی ممتاز شخصیت مولانا ظہور احمدقاسمیؒ کی وفات پر تعزیت کا اظہار کرنے والی سرکردہ شخصیات کی آمد کا سلسلہ مرحوم کی رہائش گاہ موضع عمادپور (متصل خانقاہ رائے پور) سہارنپور میں تا ہنوزجاری ہے۔
گزشتہ روزیہاں جمعیۃ علماءہند کے قومی صدر مولانا سید محمود مدنی نے مرحوم مولانا ظہور احمدؒ قائم کردہ مدرسہ بستان العلوم عمادپور میں پہنچ کر مولانا مرحوم کے صاحبزادگان چودھری انعام پردھان، قاری محمد عارف، مولانا عبدالمنان اور نواسہ مفتی مدثر قاسمی کو تعزیت مسنونہ پیش کی اور مولانا ظہور احمد قاسمیؒ کی جمعیۃ علماءہند کے تئیں کی گئی خدمات اور خانوادہ مدنی سے ان کی گہری انسیت و تعلق کا تذکرہ کیا اور کہاکہ مولانا ظہور احمد قاسمی علاقہ کی ایک مضبوط شخصیت تھے، جنہوں نے ساری زندگی جمعیۃ علماءہند کے پلیٹ فارم سے ملت کی عظیم خدمات انجام دی ہیں، جنہیں کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا،وہ ایک نڈر اور بے باک شخصیت کے مالک تھے، مرحوم نے بیک وقت درس و تدریس کے ساتھ قوم وملت کی خدمات کا فریضہ انجام دیاہے، ان کا نتقال نہ صرف جمعیة علماء بلکہ پورے علاقہ کابڑا خسارہ ہے، اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرماکر درجات بلند فرمائے اور جملہ پسماندگان کو صبر جمیل عطا فرمائے۔
بعد ازیں مولانا مدنی نے مولانا ظہور احمد قاسمی قبر پرجاکر ایصال ثواب کیا۔ اس موقع پر جامعہ حضرت فاطمہؓ کے ڈائریکٹر مولانا مفتی طیب قاسمی ،مولانا حسین مدنی ،مدرسہ فیض ہدایت رحیمی رائے کے مہتمم مولانا عبدالرحیم ، جمعیة علماءہند کے ضلع جنرل سکریٹری سید ذہین احمد، مجلس منتظمہ کے رکن قاری زبیر احمد قاسمی، مولانا عبدالحلیم بادشاہی باغ، مولانا سلطان اسعدی ابراہیمی، مولانا صادق خانقاہ پٹھیڑ، ماسٹر غفران انجم پردھان عالم پور، مدرسہ فیضان العلوم مرزاپور کے ناظم قاری فیضان سرور، قاری رئیس رائےپور، مولانا مکرم ندوی سلیم پور، مفتی اسجد بہٹ، قاری محبوب حسن ڈھابہ، چودھری صادق دیوبند، چودھری سرور، و علاقہ کے سرکردہ افراد موجودرہے۔
0 Comments