Latest News

میر واعظ عمر فاروق چار سال بعد رہا، سرینگر کی جامع مسجد میں جمعہ کا خطبہ دیا، مسجد میں لوگوں کے سامنے کھڑے ہو کر پھوٹ پھوٹ کر روئے۔بولے کشمیر کے تنازع کو انسانی مسئلہ کے طور پر دیکھا جانا چاہیے۔

سری نگر: جمو کشمیر میں حریت کانفرنس کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق کو 4 سال سے زائد گھر میں نظربندی کے بعد آج رہا کردیا گیا۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے رہائی کے بعد سری نگر کی تاریخی جامع مسجد میں جمعہ کا خطبہ بھی دیا جس میں بڑی تعداد میں کشمیریوں نے شرکت کی۔ جب میر واعظ مسجد پہنچے تو یہ لوگوں کے لیے اور خود میر واعظ کے لیے بھی انتہائی جذباتی لمحہ تھا۔ مسجد میں لوگوں کے سامنے کھڑے ہو کر پھوٹ پھوٹ کر رونے لگے۔
اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے میر واعظ کا کہنا تھاکہ کشمیر کے تنازع کو ایک علاقائی مسئلے کے بجائے ایک انسانی مسئلہ کے طور پر دیکھا جانا چاہیے۔
ان کا کہنا تھاکہ مجھے مسلسل 212 جمعے کے بعد جامع مسجد کے منبر پر خطبہ دینے کی اجازت دی گئی، عدالت سے رجوع کرنے کے بعد پولیس افسر وں نے گزشتہ روز مجھ سے ملاقات کی اور بتایا کہ مجھے رہا کیا جا رہا ہے اور میں کل جمعہ کی نماز پڑھنے جامع مسجد جا سکتاہوں۔ 

انہوں نے مزید کہا کہ 5 اگست 2019 کے بعد لوگوں کو مشکل وقت کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ کشمیر کی خصوصی شناخت چھین لی گئی اور اسے مرکز کے زیر انتظام دو علاقوں میں تقسیم کر دیا گیا، میر واعظ کی حیثیت سے میری ذمہ داری ہے کہ میں لوگوں کیلئے آواز اٹھاؤں۔

خیال رہے کہ میر واعظ عمر فاروق کو اگست 2019 کو مقبوضہ کشمیر میں آرٹیکل 370 کے خاتمے کے بعد گھر میں نظر بند کردیا گیا تھا۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر