رامپور: سماجوادی پارٹی کے سینئر لیڈر اور ریاست کے سابق وزیر اعظم خان کے گھر پر محکمہ انکم ٹیکس کا چھاپہ جمعہ کو بھی جاری ہے۔ اس دوران ان کے گھر پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
محکمہ نے جمعہ کو ٹیکس چوری کی تحقیقات کے ایک حصے کے طور پر اعظم خان کے خلاف ان کی رہائش گاہ پر چھاپہ مار کارروائی جاری رکھی۔ اعظم خان کے گھر اور جوہر یونیورسٹی میں بھی سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ انکم ٹیکس حکام اندر تلاشی مہم چلا رہے ہیں۔
ٹیم ہمسفر ریزورٹ سے لے کر ایس بی آئی تک کارروائی کر رہی ہے۔ ٹیکس چوری کے الزامات میں گھرے اعظم خان پر انکم ٹیکس نے اپنی گرفت مضبوط کر لی ہے۔ رپورٹ میں ذرائع کے حوالہ سے بتایا گیا ہے کہ اعظم خان کے مقام پر پہنچنے والی ٹیم میں تقریباً 4 درجن لوگ شامل ہیں۔ اس آپریشن کی رازداری کو برقرار رکھنے کے لیے انکم ٹیکس کی ٹیم ایس ایس بی کے اہلکاروں کو ساتھ لے کر آئی ہے۔ ٹیمیں اپنے اپنے مقامات پر پہنچیں تو مقامی پولیس اور انتظامیہ کو اطلاع دی گئی۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ انکم ٹیکس حکام نے جمعہ کو بھی اعظم خان کے گھر کی تلاشی جاری رکھی۔ فورس اہلکاروں کے ساتھ مقامی پولیس بھی گھر کے باہر تعینات تھی۔ ٹیم جوہر یونیورسٹی میں اکاؤنٹنٹ کے گھر بھی پہنچی اور دستاویزات کی جانچ پڑتال کی۔ جوہر یونیورسٹی کے ساتھ اعظم خان کے ہمسفر ریزورٹ میں بھی ٹیمیں دن بھر چھان بین کرتی رہیں۔
0 Comments