Latest News

دیوبند میں بیوی کو قتل کرنے والے شوہر کو ہوئی عمر قیدکی سزا، عدالت نے اپنے فیصلہ میں جہیز کے لالچی شوہر پر چالیس ہزار کا جرمانہ بھی عائد کیا۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
دیوبند میں اپر ضلع سیشن جج کی عدالت میں جہیز کے مطالبہ پورا نہ ہونے کے رد عمل میں قتل کئے جانے کے معاملے میں ایک شخص کو قصور وار ٹھہراتے ہوئے عمر قید کی سزا اور چالیس ہزار روپے کا جرمانہ عائد کیا ہے۔ فیصلہ میں کہا گیا ہے کہ جرمانہ ادا نہ کرنے کی صورت میں ملزم کو چار مہینہ کی زائد سزا کاٹنی ہوگی۔ 
تفصیل کے مطابق ضلع سیشن جج کے معاون وکیل دیوی دیال شرما نے بتایا کہ اپر ضلع سیشن جج دیوبند کی جانب سے ہاشم پورہ گاﺅں کے باشندہ امر جیت ولد مین پال کو جہیز کے مطالبہ کے پورا نہ ہونے پر اپنی اہلیہ کو قتل کئے جانے کے الزام میں عمر قید کی سزا سناتے ہوئے چالیس ہزار روپے کا جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔ امر جیت کی شادی سال 2018 میں تھانہ بھون کے گاﺅں نوزل کے باشندہ راج کمار کی بیٹی رنیو کے ساتھ ہوئی تھی، لیکن تیس مئی 2018 کو ہی رینو کی اپنی سسرال میں مشتبہ حالات میں موت ہو گئی تھی۔ رینو کے والد اور اس کے پھوپھا نے رینو کے سسرال والوں کے خلاف الزامات عائد کرتے ہوئے کہا تھا کہ جہیز کا مطالبہ پورا نہ ہونے پر انہوں نے رینو کا گلا دبا کر قتل کیا ہے اور اس سلسلہ میں انہوں نے دیوبند کوتوالی میں ایک مقدمہ درج کرایا تھا، اسی وقت سے اس مقدمہ کی سماعت ضلع سیشن جج دیوبند کے یہاں چل رہی تھی ، سماعت کے دوران ہی عدالت میں گواہی دینے والے چشم دید گواہ منحرف ہو گئے تھے لیکن تمام ثبوتوں، میڈیکل رپورٹ اور متاثرہ خاندان کی دلیلوں کی بنیاد پر اپر ضلع سیشن جج نے ملزم شوہر امر جیت کو اپنی اہلیہ رینو کے قتل کا قصوروار مانتے ہوئے دفع 302 آئی پی سی کے تحت عمر قید کی سزا کے ساتھ ساتھ چالیس ہزار روپے جرمانہ کی سزا سنائی۔ فیصلہ میں کہا گیا ہے کہ جرمانہ کی رقم ادا نہ کرنے کی صورت میں ملزم کو مزید چار ماہ تک جیل کی سزا کاٹنی ہوگی۔
..

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر