Latest News

سیرت طیبہ پر عمل پیرا ہونے سے معاشرہ صلاح و فلاح کی جانب گامزن ہوگا : جلسہ رحمت عالم ؐ و اصلاح معاشرہ میں مفتی سید محمد عفان منصور پوری کا خطاب۔

کانپور: جمعیۃ علماء اتر پردیش کے سابق صدر مولانا متین الحق اسامہ قاسمی ؒ کی یاد میں مدرسہ عربیہ تعلیم الدین موضع ہریابر ضلع اناؤ میں ایک روزہ جلسہ رحمت عالم ؐ و اصلاح معاشرہ مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی نائب صدر جمعیۃ علماء اتر پردیش کی صدارت میں منعقد ہوا۔ جلسہ کا آغاز قاری محمد ریاض مظاہری صدرشعبہئ تجوید دار العلوم ندوۃ العلماء کی تلاوت سے ہوا۔ امروہہ سے تشریف لائے ملک کے معروف عالم دین اور دینی تعلیمی بورڈ جمعیۃ علماء ہند کے معاون ناظم عمومی مفتی محمدعفان صاحب منصورپوری نے اپنے کلیدی خطاب میں کہا کہکہ جناب محمد رسول اللہ صلی اللہ تعالی علیہ وسلم کی مبارک و پاکیزہ زندگی کے مختلف پہلوؤں کو ذکر کرنے کا منشا اور مقصد یہی ہے کہ اس سے جو سبق ہمیں مل رہا ہے۔اس کو اپنی زندگی میں جگہ دینے والے بنے اور جب سیرت طیبہ سے حاصل ہونے والے سبق کو ہم اپنی زندگی میں نافذ کریں گے تو معاشرہ خود بخود صلاح و فلاح کی جانب گامزن ہوتا چلا جائے گا۔ اس لیے کہ معاشرے میں اصلاح اسلام پر عمل کرنے کے ذریعے سے ممکن ہے۔ اللہ کا کتنا بڑا کرم ہے کہ اس نے ہم سب کو اپنے اس برگزیدہ نبیؐ اور پیغمبرؐ کی امت میں پیدا فرمایا کہ جن سے زیادہ عالم مرتبت رفیع الشان اور قابل قدر انسان نہ ان سے پہلے اس دنیا کے اندرآیا نہ اور قیامت تک کوئی اور پیغمبر علیہ الصلوۃ والسلام کا ہمسر اورآپ کے برابرآ سکتا ہے۔آپ ؐکے حسن ظاہری کا یہ عالم تھا کہ جو ایک مرتبہ پیغمبر علیہ الصلوۃ والسلام کے چہرے انور کی رعنائیوں کو دیکھ لیا کرتا تھا وہآپ کی محبت کا اسیر اورآپ کا گرویدہ ہو کر رہ جاتا تھا۔ مفتی صاحب نے مزید کہا کہ کامیابی صرف اور صرف اللہ اس کے رسول ؐ کی اطاعت کرنے میں ہے۔
جلسہ کے صدر مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی نائب صدر جمعیۃ علماء اتر پردیش نے اپنے بیان میں کہا کہ اللہ تعالیٰ نے دنیا کی ہر چیز کو انسان کے لئے بنایا ہے اور انسان کو اپنے لئے پیدا فرمایا ہے۔ اللہ کی عبادت و بندگی اور خلق خداکی خدمت و ہمدردی ہمارے بنیادی فرائض میں شامل ہے۔اگر ہم اپنی ذمہ داری سے منھ موڑیں گے تو دنیا کی نظروں میں بھی بے حیثیت ہوں گے اور آخرت میں بھی جواب دہ ہونا پڑے گا۔مولانا نے کہا کہ اس وقت عالمی سطح پر جن مشکلات سے لوگ دوچار ہیں، ا س کا حل اسلام کی تعلیمات میں موجود ہے۔پانی کی قلت ہو، ماحولیات کا مسئلہ ہو، صفائی ستھرائی، تعلیم اور صحت کا مسئلہ ہو، لوگوں میں باہمی رواداری اور علاقائی و ملکی امن و امان کا مسئلہ ہو۔ تمام مسائل کا حل حضور ؐ کی دی ہوئی تعلیمات میں موجود ہے۔ ہم کو چاہیئے کہ اپنی ذمہ داری محسوس کرتے ہوئے خود بھی اس پر عمل پیراہوں اور دنیا تک اسلام کا پیغام پہنچائیں۔
جمعیۃ علماء وسطی یوپی کے صدر مولانا اسلام الحق اسجد میاں قاسمی نے اپنے بیان میں کہا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم ہمارے لئے آئیڈیل اور نمونہ ہیں۔ نکاح اور شادی کے موقع پر، غم اور خوشی کے موقع پر، تجارت کے سلسلے میں، کاشتکاری کے سلسلے میں آپ ؐ ہمارے لئے نمونہ ہیں۔ اللہ نے فرمایا کہ اے مسلمانو اپنے اپ کو بھی اور اپنے گھر والوں کو بھی دوزخ کی آگ سے بچاؤ۔ مولانا نے کہا کہ ہم اپنے آپ کو نیک عمل کر کے دوزخ کی آگ سے بچا لیتے ہیں،گناہوں سے اپنے آپ کو بچا لیتے ہیں۔ لیکن آیت کریمہ میں صرف اپنے آپ کے لیے نہیں ہے بلکہ جو آپ کے ماتحت ہیں۔آپ کی بیوی، آپ کی بیٹی،،پ کی بیٹا ان کو بھی دوزخ سے بچانے کی فکر ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ یہ کام صرف علماء کا نہیں۔کسی ایک جماعت کا نہیں۔کسی ایک جمعیۃ کا نہیں۔ دعوت تبلیغ والے لوگوں کا نہیں بلکہ ہم سب کا کام ہے کہ ہم دوزخ کی آگ سے بچیں۔دنیا کیآگ سے بچانے کی تو ہم بڑی فکر کرتے ہیں لیکن اصل کامیابی تو دوزخ کے آگ سے بچنے اور بچانے میں ہے۔
مفتی جنید احمد قاسمی استاذ مدرسہ مفتاح القرآن گنج مرادآباد نے اپنے بیان میں بزرگان دین کی سیرت کو بیان کیا۔
نظامت کے فرائض مولانا محمد سفیان جامعی نے بحسن خوبی انجام دیئے۔۔نعت و منقبت کا نذرانہ حافظ فخر الدین، قاری محمد نعیم،حافظ فہیم پہانوی نے پیش کیا۔ اس موقع پر علاقہ و اطراف کے علماء و ائمہ اور مقامی حضرات کثیر تعداد میں موجود رہے۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر