پٹنہ: بہارکے چھپراٹاؤن میں جمعہ کے روز ایک مذہبی جلوس کے دوران جھڑپ ہوگئی جس کے نتیجہ میں ریاستی محکمہ داخلہ نے آئندہ چند دن کیلئے انٹرنیٹ خدمات معطل کردیں۔پولیس کے مطابق ضلع سارن کے ہیڈ کوارٹرس چھپراکے بھگوان بازارمحلہ میں گڑبڑ اس وقت شروع ہوئی جب درگاکی مورتیوں کے وسرجن کیلئے ایک جلوس نکالا جارہاتھا۔
جلوس کے دوران ڈی جے‘ پورے زور و شورسے بجایاجارہاتھا۔ بعض غیرسماجی عناصر نے بطور احتجاج سنگباری کی۔ پولیس فوری جائے واقعہ پر پہنچ گئی اورصورتحال پر قابوپالیا۔اس نے وسرجن کی ذمہ داری بھی لے لی۔ ضلع پولیس نے بتایاکہ پولیس کی بھاری جمعیت متعین کردی گئی ہے اوراشرارکی شناخت کی جارہی ہے تاکہ مزید کاروائی کی جاسکے۔اسی دوران ریاستی محکمہ داخلہ نے بتایاکہ اسے یہ اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ متاثرہ علاقوں میں غیرسماجی عناصر‘قابل اعتراض موادکو نشر کرنے انٹرنیٹ کااستعمال کررہے ہیں‘جس کی وجہ سے فرقہ وارانہ ہم آہنگی درہم برہم ہوسکتی ہے اورجان ومال کونقصان پہنچ سکتا ہے،اسی لئے انڈین ٹیلیگراف ایکٹ کے تحت ریاستی حکومت کوحاصل ایمرجنسی اختیارات کااستعمال کرتے ہوئے انٹرنیٹ خدمات کو اتوارکی شام چھ بجے تک معطل کردیاگیا۔
0 Comments