آگرہ: مسجد نہر والی سکندرہ کےخطیب محمد اقبال نے نماز جمعہ سے قبل اپنے خطبے میں اس بات پر فوکس کیا کہ دنیا کی زندگی اللہ کی نظر میں کچھ لمحوں کی ہے۔ انھوں نے کہا، اللہ نے قرآن میں صاف طور پر اس بات کو بتا دیا ہے کہ “ ان کو وہ دن یاد دلائیے جس میں اللہ ان کو اپنے حضور جمع کرے گا تو ان کو ایسا محسوس ہوگا کہ گویا وہ دنیا میں سارے دن کی ایک آدھ گھڑی رہے ہونگے “ سورہ یونس آیت نمبر 45 ، تو اللہ کی نظر میں یہ اصل صورت حال ہے اس دنیا کی جس میں ہم اتنے بڑے بڑے پروگرام بنا کر زندگی گزار رہے ہیں۔ اس لیے وقت کو ضائع نہ کریں ، جس کام کے لیے انسان کو دنیا میں بھیجا ہے اسی پر فوکس رکھیں۔ انسان دنیا میں اس لیے آیا ہے کہ اپنے خالق کی پسند کے مطابق زندگی گذارے۔
اقبال صاحب نے مزید کہا کہ اس دنیا کے اعتبار سے انسان کو “ چند سال “ کی عمر ملی ہے اس مدت میں اللہ کی پسند کے خلاف کوئی کام کرنا اپنے کو ہمشیہ کے لیے ہی ضائع کرلینا ہے۔ صحیح زندگی کا استعمال وہ ہے جو مرنے کے بعد کام آے، مرنے کے بعد صرف وہ ہی کامیاب کہلائے گا جس نے مرنے سے پہلے کی زندگی اپنے خالق کی پسند کے مطابق گزاری ہوگی اسی کو کامیابی کا “ سرٹیفکیٹ “ ملے گا، انھوں نے مزید کہا ، اس لیے ضروری ہے کہ اس دنیا کے مختصر سے وقت میں ہم کوئی بھی غیر ضروری کام کرکے وقت کو ضائع نہ کریں ، ہمارا فرض ہے کہ ہم قرأن کی روشنی میں خالق کی اس زندہ کتاب کو پڑھیں اور اس کے مطابق اپنی زندگی گزاریں۔ جو ایسا نہیں کرے گا اس کے لیے مرنے کے بعد کا انجام بہت ہی “ خطرناک “ ہوگا ، عقل مند وہ ہے جو یہاں خالق کی مانے تبھی وہاں خالق اس کی مانے گا، ان شاءاللہ ۔ اللہ ہم سب کو کامیابی کا سرٹیفکیٹ عطا فرماے آمین
0 Comments