اتر پردیش پولس کی حراست میں مسلم نوجوانوں کی موت کے واقعات رکنے کے آثار نہیں دکھا رہے ہیں، جس کی وجہ سے پولس کے کردار پر کئی سنگین سوالات اٹھ رہے ہیں۔
تازہ معاملہ ضلع بلند شہر کے سکندرآباد کا ہے۔ جہاں 40 سالہ مسلم نوجوان راشد کی پولیس حراست میں موت ہو گئی ہے، فی الحال معاملہ زیر تفتیش ہے۔
معلومات کے مطابق، جمعہ کی رات پولیس کو اطلاع ملی کہ ایک نامعلوم نوجوان دیوار پر چڑھ کر صنعتی علاقے میں واقع ایک فیکٹری میں داخل ہونے کی کوشش کر رہا ہے۔ جس کے بعد پولیس موقع پر پہنچی اور نوجوان کو حراست میں لے کر تھانے لے آئی۔
ملزم کی شناخت نئی بستی چودھری واڑہ کے رہنے والے راشد کے طور پر ہوئی۔ امر اجالا کی رپورٹ کے مطابق سی او وکاس پرتاپ سنگھ چوہان نے بتایا کہ پولیس حراست میں راشد کی حالت اچانک بگڑ گئی، جس کے بعد پولیس اہلکاروں نے اسے سرکاری اسپتال میں داخل کرایا، جہاں ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔
معاملے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے ایس ایس پی شلوک کمار نے کوتوالی انچارج راجپال سنگھ تومر اور ڈیوٹی کلرک کو معطل کر دیا ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔
0 Comments