نئی دہلی: مدھیہ پردیش میں کل(آج) ہونے والے واحد مرحلے کے اسمبلی انتخابات اور چھتیس گڑھ میں دوسرے مرحلے کے انتخابات کیلئے تمام انتظامات مکمل کرلیے گئے ہیں۔ مدھیہ پردیش میں انتخابی مہم ختم ہوچکی ہے۔ اب تمام نگاہیں انتخابی کمیشن پر مرکوز ہیں۔ ریاست میں چار ہفتے طویل وسیع انتخابی مہم کے دوران وزیراعظم نریندر مودی کی پندرہ انتخابی ریلیوں کے علاوہ تمام پارٹیوں کے سرکردہ رہنماؤں نے ووٹروں کو راغب کرنے کیلئے متعدد میٹنگیں، عوامی ریلیاں اور روڈ شوز کیے۔ آج انتخابی کمیشن کی پولنگ ٹیمیں ووٹنگ کے دوران استعمال ہونے والے سازو سامان کے ساتھ اپنے متعلقہ بوتھوں کیلئے روانہ ہوگئیں۔ مدھیہ پردیش میں کُل 64 ہزار 523 پولنگ مراکز قائم کیے گئے ہیں، ان میں سے 16 ہزار 763 پولنگ مراکز شہری علاقوں میں جبکہ 47 ہزار 760 پولنگ مراکز دیہی علاقوں میں قائم کیے گئے ہیں۔ خوش اسلوبی کے ساتھ اسمبلی انتخابات کرانے کیلئے ایک ایئرایمبولنس اور دو ہیلی کاپٹرس کو بھوپال اور بالا گھاٹ میں ایمرجنسی خدمات کیلئے آج تعینات کیا گیاہے۔ پولنگ کے دن کَل بھی یہ تعینات رہیں گے۔مدھیہ پردیش میں زیادہ سے زیادہ ووٹنگ کو یقینی بنانے کیلئے انتخابی کمیشن اور انتظامیہ کی جانب سے متعدد اختراعی اقدامات کیے جارہے ہیں۔ بھوپال کی ضلع انتظامیہ نے ووٹروں کو پولنگ بوتھ کی جانب راغب کرنے کی غرض سے، شادی کارڈس کی طرز پر پُرکشش دعوت نامے تیار کیے ہیں۔ یہ کارڈس، ووٹر Slips کے ساتھ ہر گھر میں تقسیم کیے گئے ہیں۔ جس طرح شادی کارڈ میں تقریب کی تاریخ، وقت اور مقام کے بارے میں مطلع کیا جاتا ہے، اسی طرح ان کارڈس میں بھی ووٹنگ کی تاریخ 17 نومبر، وقت صبح سات بجے سے شام چھ بجے تک اور شادی کی جگہ ”آپ کا پولنگ مرکز“ کا ذکر کیا گیا ہے۔مدھیہ پردیش میں تقریباً ساڑھے پانچ کروڑ رائے دہندگان، کل دو ہزار 533 امیدواروں کی سیاسی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔
0 Comments