ہماچل پردیش کے منڈی میں دیر رات ایک بے قابو کار نے مظفر نگر کے تین نوجوانوں کو کچل دیا، جن میں سے دو کی المناک موت ہوگئی، جب کہ ایک زخمی ہوگیا۔
منڈی ضلع کے نیرچوک میں دیر رات کار نے سڑک کے کنارے کھڑی ایک بائک اور تین نوجوانوں کو ٹکر مار دی۔ کار کی ٹکر میں تینوں نوجوان شدید زخمی ہو گئے۔ مقامی لوگ انہیں علاج کے لیے میڈیکل کالج نیرچوک لے گئے لیکن علاج کے دوران دو نوجوانوں کی موت ہو گئی۔
پولیس نے موقع پر پہنچ کر تفتیش شروع کر دی اور کار ڈرائیور ہتیش کمار ساکن بھنگروتو، تحصیل بلہ کے خلاف لاپرواہی سے گاڑی چلانے کا مقدمہ درج کر لیا۔ مرنے والے نوجوانوں کی شناخت شعیب ولد محمد رئیس ساکنہ گاؤں سبھاش نگر اور ارون ولد مدن ساکن گاؤں میرا ں پور مظفر نگر اتر پردیش کے طور پر کی گئی ہے۔حادثے میں زخمی ہونے والے نوجوان عمران کا تعلق بھی مظفر نگر سے ہے۔ نوجوان یہاں محنت کرتے تھے۔ دوسری جانب اے ایس پی منڈی امیت یادو نے بتایا کہ پولیس نے کار ڈرائیور کے خلاف مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔ مقتولین کی لاشیں پوسٹ مارٹم کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی گئی ہیں۔
0 Comments