سہرسہ: ملک کے موجودہ پس منظر میں جہاں دینی تعلیم کی اہمیت مسلم ہے وہیں ایسے عصری درسگاہوں کی بھی شدت سے ضرورت ہے جہاں دینی و عصری تعلیم کے امتزاج کی رعایت کی جائے ان خیالات کا اظہار عالمی شہرت یافتہ عالم دین فقیہ العصر حضرت مولانا خالد سیف اللہ رحمانی صدر آل انڈیا مسلم پرسنل لا بورڈ نے سہرسہ ضلع کے چکمکہ میں قائم اقامتی ادارہ وژن انٹر نیشنل اسکول میں کیا، مولانا رحمانی نے کہاکہ اس اسکول کے ڈائریکٹر شاہنواز بدر قاسمی جنہوں نے دلی اور دیوبند کی چکاچوند کو چھوڑ کر اپنے گاؤں میں رہنا پسند کیا اور یہاں رہنے کا مقصد میدان تعلیم کو بنایا اس لئے یہ بہت مبارکبادی کے مستحق ہیں۔
مولانا نے کہا کہ عصری تعلیم کے ساتھ قرآن کے حفظ کا اہتمام بھی اس اسکول میں ہوتا ہے اور اب تک 5/ بچوں نے حفظ کی تکمیل کیا یہ جان کر بیحد خوشی ہوئی، مولانا رحمانی نے کہاکہ معیاری تعلیم و تربیت کیلئے ہر علاقے میں وژن انٹرنیشنل اسکول جیسے ادارے کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے، مولانا خالد سیف اللہ رحمانی نے وژن انٹرنیشنل اسکول کی موجودہ سرگرمیوں کو دیکھ کر شاہنواز بدر قاسمی اور ان کی پوری ٹیم کو دعاؤں سے خوب نوازا اور اس ادارے کے روشن مستقبل کیلئے مضبوط لائحہ عمل پر زور دیا-
نوجوان فاضل اور مختلف علوم پر مہارت رکھتے والے اسلامی اسکالر المعہد العالی الاسلامی حیدرآباد کے نائب ناظم مولانا مفتی عمر عابدین قاسمی مدنی نے کہا کہ وژن انٹر نیشنل اسکول نے کم وقت میں جس تیز رفتاری کے ساتھ اپنا کامیاب علمی سفر طے کیا ہے وہ قابل رشک ہے ، مفتی عمر عابدین نے کہا کہ اس وقت ایسے اداروں کی بے حد ضرورت ہے جہاں عصری تعلیم کے ساتھ ضروری دینی معلومات بھی فراہم کئے جائیں، مولانا مظفر احسن رحمانی ایڈیٹر بصیرت آن لائن نے کہا کہ میرے عزیز دوست شاہنواز بدر قاسمی حوصلہ مند فاضل نوجوان ہیں اور انہوں نے ہمیشہ علمی میدان میں کام کیا ہے یقینا یہ اسکول اس پورے علاقے کے آئیڈیل اور نمونہ ہے ،اس موقع پر قرب و جوار کے سیاسی ،سماجی اور صحافی حضرات موجود تھے-
مولانا رحمانی کی سہرسہ آمد پر جگہ جگہ ان کا والہانہ اور تاریخی استقبال کیا گیا، مولانا کی تشریف آوری پر پورے علاقے میں جوش و خروش اور خوشی کا ماحول پایا جارہا ہے، سمری بختیار پور میں تعلیمی و معاشی بیداری کانفرنس اور تفہیم شریعت ورکشاپ سمیت مختلف پروگراموں میں شرکت کے بعد آج مولانا اپنے وطن جالے دربھنگہ کیلئے روانہ ہوگئے۔
0 Comments