Latest News

اردو کی بقاء اور تحفظ کے لئے مشترکہ کوششوں کی ضرورت، یوم اردو کے موقع پر پبلک گرلز انٹر کالج میں منعقد پروگرام میں صبا حسیب صدیقی کاخطاب۔

دیوبند: سمیر چودھری۔
شاعر مشرق علامہ اقبالؒ کے یوم ِ پیدائش کے موقع پر آج یہاں عالمی یوم اردو نہایت جوش خروش کے ساتھ منایاگیا۔ اس مناسبت سے عیدگاہ روڈ پرواقع تعلیم نسواں کے قدیم عصری تعلیمی ادارہ پبلک گرلز انٹر کالج اور پبلک نرسری اینڈ جونیئر ہائی اسکول میں پروگرام کا انعقاد کیاگیا۔
جس میں ادارہ کی طالبات نے اردو کے زبان کے حوالہ سے نہایت خوبصورت پروگرام پیش کئے اور اپنی تقاریر و نظموں کے ذریعہ اردو کو فروغ دینے و نئی نسل کو اس شیریں زبان سے روشناس کرانے کی اپیل کی۔ پروگرام کی صدارت ڈاکٹر محمد ایاز صدیقی نے کی۔
اس موقع پر ادارہ کی ہیڈ مسٹریس صبا حسیب صدیقی نے اپنے خطاب میں طالبا ت سے کہاکہ وہ اردو کے فروغ کے لےے انفرادی و اجتماعی جدوجہد کرنے کا عزم کریں۔ انہوںنے زور دے کر کہاکہ زندہ قوموں کی پہچان یہ ہے کہ وہ بدحالی کا رونا رونے کی بجائے اپنی قوتِ بازو سے حالات کا رخ پھیرنے کا کردار ادا کریں۔ صبا حسیب صدیقی نے کہاکہ مرکزی حکومت رائٹ ٹو ایجوکیشن مہم کو کامیاب بنانے کے لئے مادری زبان اردو کے ساتھ فراخ دلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر اردو اساتذہ کا تقرر کرے نیز صوبائی حکومتیں خاص طور سے یوپی حکومت اردو اساتذہ کا تقرر یقینی بنائے اور اسکولوں کو انگلش میڈیم کی طرح تمام تر سہولیات سے مزین کیا جائے اوران میں پڑھنے والے بچوں کی حوصلہ افزائی کے لیے خاص منصوبہ بنایا جائے۔
انہوں نے کہاکہ اردوکی بقاءاور تحفظ کے لئے ہم سب کو متحدہ کوششیں کرنی چاہئے، کیونکہ قوموں کی شناخت ان کی زبان سے ہوتی ہے اسلئے اردو زبان کو نئی نسلوں میں منتقل کرنا ہمارا فریضہ ہے ،جسے ہمیں دیانتداری کے ساتھ انجام دینا چاہئے۔پروگرام کے دوران انٹر سے طوبیٰ اور نگہت، ہائی اسکول سے حمیدہ، یسریٰ، ذکرہ، نویں جماعت سے حلیمہ،وجیہہ، بشریٰ عطاءالرحمن وغیرہ نے خوبصورت انداز میں تقاریر اور نظموں کے ذریعہ اردو کو زندہ رکھنے اور نئی نسل کو اس سے روبرو کرانے کی اپیل کی۔ 
پروگرام کی نظامت ادارہ کی ٹیچر روبینہ شہزاد اور نویں جماعت کی طالبہ بشریٰ عطاءالرحمن نے مشترکہ طورپر انجام دی۔ پروگرام میں خصوصی کے طورپر عدیل صدیقی، عثمان غنی اورفیضی صدیقی وغیرہ نے شرکت کی۔ دوسری جانب محلہ اندرون کوٹلہ میں واقع نئی روشنی پبلک اسکول میں بھی یوم اردو کے موقع پر ایک پروگرام کا انعقاد کیاگیا۔ اس موقع پر اسکول کے پرنسپل فائر سلیم صدیقی نے اردو کی اہمیت بیان کی۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر