Latest News

یو پی میں یوگی سرکار نے حلال اشیاء کی فروختگی پر لگائی پابندی، مصنوعات کے حلال ہونے کی سرٹیفکیٹ جاری کرنے والی جمعیۃ علماء ہند سمیت کئی کمپنیوں اور مذہبی تنظیموں کے خلاف مقدمات درج۔

لکھنؤ: یوپی کے وزیر اعلی یوگی آدتیہ ناتھ نے بڑی کارروائی کرتے ہوئے ہفتہ کو یوپی میں حلال مصدقہ مصنوعات، ادویات، طبی اور کاسمیٹک اشیاء کی فروخت پر پابندی لگا دی۔ ان کی تیاری، ذخیرہ، تقسیم اور خرید و فروخت کرتے ہوئے پائے جانے پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔ یہ پابندی صرف یوپی کے مقامی بازار میں فروخت پر لاگو ہوگی۔ حلال سرٹیفیکیشن والی مصنوعات کی برآمد پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔
اس سلسلے میں فوڈ سیفٹی اینڈ ڈرگ ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی ایڈیشنل چیف سکریٹری انیتا سنگھ نے ہفتہ کو ایک سرکاری حکم نامہ جاری کیا۔ حکومت نے یہ کارروائی لکھنؤ کے حضرت گنج پولیس اسٹیشن میں آٹھ مذہبی اداروں کے خلاف غیر قانونی طور پر حلال سرٹیفکیٹ دینے پر ایف آئی آر درج کیے جانے کے بعد کی ہے۔ وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر یوپی میں بغیر کسی اتھارٹی کے کھانے اور کاسمیٹک مصنوعات کو غیر قانونی طور پر 'حلال سرٹیفکیٹ' دینے کے عمل کو روکنے کے لیے کارروائی شروع کی گئی۔
اتر پردیش پولیس نے جعلی دستاویزات کا استعمال کرتے ہوئے حلال سرٹیفائیڈ مصنوعات فروخت کرنے کے الزام میں کئی کاروباری اداروں کے خلاف مقدمات درج کیے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق اس کے بعد یوگی حکومت بھی حلال سرٹیفکیٹ جاری کرنے والی کمپنیوں پر سخت ہو گئی ہے اور ان پر کارروائی کی ہدایت دی گئی ہے۔ حلال سرٹیفکیٹ اس بات کی نشاندہی کرتا ہے کہ کوئی پروڈکٹ اسلامی قانون کے مطابق تیار کی گئی ہے اور اس میں ملاوٹ نہیں ہے۔
پولیس کے مطابق ان کاروباروں نے جعلی دستاویزات کے ذریعے اپنی مصنوعات کے لیے حلال سرٹیفیکیشن حاصل کیا۔ فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) میں جن کاروباروں کا نام لیا گیا ہے ان میں سے ایک چنئی میں واقع حلال انڈیا پرائیویٹ لمیٹڈ ہے۔حضرت گنج پولیس اسٹیشن میں درج ایف آئی آر میں شیلیندر کمار شرما نے الزام لگایا ہے کہ یہ کمپنیاں مختلف مصنوعات کے لیے حلال سرٹیفکیٹ جاری کر رہی ہیں۔ اس سرٹیفکیٹ کے ساتھ ریاست کے عوام کے ایمان کے ساتھ کھلواڑ کیا جا رہا ہے۔حلال سرٹیفیکیشن دینے کے بعد اشیاء فروخت کرنے والی نامعلوم کمپنیوں کے خلاف ایف آئی آر درج کر لی گئی ہے۔ جعلی حلال سرٹیفیکیشن مبینہ طور پر کاسمیٹکس، ٹوتھ پیسٹ، تیل اور صابن سے لے کر مختلف قسم کی مصنوعات فروخت کرنے کے لیے استعمال کیے جا رہے تھے۔ پولیس نے اس معاملے میں کئی مذہبی انجمنوں کو بھی نامزد کیا ہے، جن میں دہلی کی جمعیۃ علماء ہند حلال ٹرسٹ، حلالہ کونسل آف انڈیا اور جمعیۃ علماء ممبئی شامل ہیں۔

خیال رہے کہ دنیا بھر میں تقریباً 2 ارب مسلمان ہیں جن میں سے تقریباً 40 لاکھ امریکہ میں رہتے ہیں۔ حلال سرٹیفائیڈ مصنوعات امریکہ میں بڑے پیمانے پر فروخت ہوتی ہیں اور دنیا بھر میں بھی پہنچتی ہیں۔ اب حلال کی مانگ بڑھنے لگی ہے اور ہندوستان میں بھی حلال مصنوعات بڑے پیمانے پر فروخت ہو رہی ہیں۔

Post a Comment

0 Comments

خاص خبر