غزہ میں اسرائیلی جارحیت 27 ویں دن بھی جاری ہے جس کے دوران شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 9 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ فلسطینی وزارت صحت کی جانب سے جاری بیان کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اسرائیل کے وحشیانہ حملوں میں مزید 256 فلسطینی شہید ہوگئے۔
بیان کے مطابق 7 اکتوبر سے جاری اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں اب تک 9061 فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جبکہ 32 ہزار زخمی ہیں۔ بیان میں مزید بتایا گیا کہ شہید افراد میں 3750 بچے اور 2326 خواتین بھی شامل ہیں۔
فلسطینی وزارت صحت کا کہنا تھا کہ 2600 افراد اب لاپتہ ہیں جن میں 1150 بچے بھی شامل ہیں، زیادہ امکان یہی ہے کہ وہ تباہ شدہ عمارات کے ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔ بیان کے مطابق اسرائیلی فضائی حملوں میں ہر 10 منٹ میں ایک بچہ شہید ہو رہا ہے۔
بیان میں بتایا گیا کہ اسرائیل کی جانب سے اسپتالوں اور طبی مراکز کو دانستہ طور پر نشانہ بنانے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ طبی ٹیموں کے خلاف جنگی خلاف ورزیوں کے دوران اب تک 135 طبی ورکرز شہید ہو چکے ہیں جبکہ 25 ایمبولینسیں تباہ ہوئی ہیں۔
بیان کے مطابق غزہ میں کام کرنے والے 16 اسپتال اور 32 طبی مراکز ایندھن کی کمی یا تباہ ہونے کے باعث بند ہو چکے ہیں۔
فلسطینی وزارت صحت کے ترجمان نے ترکیہ سے درخواست کی کہ وہ ترک فرینڈ شپ اسپتال کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے مداخلت کرے۔
خیال رہے کہ ترک فرینڈ شپ کینسر اسپتال پر بھی اسرائیل کی جانب سے بمباری کی گئی تھی جس کی و جہ سے اسپتال کا ایک حصہ تباہ ہوگیا اور کینسر کے شکار متعدد مریضوں کو اس وجہ سے مشکلات کا سامنا ہے۔
اُدھر، اسرائیل کی جانب سے غزہ کے جبالیا پناہ گزین کیمپ پر تین دن میں تیسرا حملہ کیا گیا ہے، تین روز میں ہوئے حملوں میں شہدا کی تعداد 200 سے زیادہ ہوگئی ہے جب کہ 700 سے زیادہ زخمی اور 100 سے زیادہ لاپتہ ہیں۔
عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل کی جانب سے جبالیا پناہ گزین کیمپ پر ایک بار پھر بمباری سے مزید 3 فلسطینی شہید ہوگئے۔ منگل اور بدھ کو جبالیا کیمپ پر بمباری میں 200 تک افراد شہید اور 777 زخمی ہوئے تھے۔ غزہ پر جاری اسرائیلی بربریت پر اقوام متحدہ کا کہنا ہےکہ جبالیا پر اسرائیلی حملے ’جنگی جرم‘ ہو سکتے ہیں۔
0 Comments