کانپور: جامعہ محمودیہ اشرف العلوم میں جاری سہ روزہ مشاورتی اجلاس کی دوسری نشست پہلے دن بعد مغرب بعنوان فتنہ انجینئر علی مرزا جہلمی اور تیسری نشست آج صبح بعنوان فتنہ شکیلیت، مہدویت و گوہرشاہی کے عنوان سے منعقد ہوئی۔ دوسری نشست کی سرپرستی مولاناسید محمد طلحہ قاسمی نقشبندی اور تیسری نشست میں دار العلوم دیوبند کے نائب مہتمم مولانا مفتی محمد راشد اعظمی اور جامعہ اسلامیہ اشرف العلوم حیدر آباد کے ناظم مولانا عبد القوی نے فرمائی۔
تیسری نشست میں خطاب کے دوران دار العلوم دیوبند کے نائب مہتمم مفتی محمد راشد اعظمی نے علمائے کرام کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت جتنے فتنے ہیں، الحمد للہ اس سے زیادہ فتنوں کا مقابلہ کرنے والے ہیں۔فتنہ کہیں کا بھی ہو مقابلہ علمائے دیوبند ہی کرتے ہیں۔فتنوں کے حوالہ سے مدارس کے نصاب میں اضافہ کرنے کے مشورہ کا ذکر کرتے ہوئے مفتی راشد اعظمی نے کہا کہ دارالعلوم دیوبند کے محاضرات سے بہتر کوئی نصاب نہیں ہے۔دور حاضر کے فتنوں کا صحیح طریقے سے مطالعہ کرلیں۔کئی کتابوں کا ذکر بھی کیا یہ کتابیں استفادے کے لئے بہت عمدہ ہیں۔ہمارے اکابر نے محنت کی اور فتنوں کی کمر توڑ دی۔ موجودہ وقت میں کتابوں کی نہیں بلکہ میدان میں کام کرنے کی ضرورت ہے۔ تحریر اور تقریر کیلئے مطالعہ کی ضرورت ہے۔ مولانا نے امام بخاریؒ، حضرت نانوتویؒ، حکیم الامتؒ کی زندگیو ں کا ذکر کرتے ہوئے مثالوں کے ساتھ کام کرنے کے طریقوں کے بارے میں بتایا۔ آخر میں مشاورتی اجلاس کے روح رواں مولانا عبد اللہ قاسمی کو دعائیں دیتے ہوئے کہا کہ ماشاء اللہ ان کے اندر مولانا اسامہ ؒ کی خوشبو موجود ہے اور انہوں نے اپنے والد کی جانشینی کا حق ادا کر دیا۔
مولانا عبد القوی حیدرآباد نے کہا کہ فتنے آنحضرت صلی اللہ علیہ وسلم کی پیشین گوئیوں کی بنیاد پر اٹھتے رہے ہیں اور قیامت تک اٹھتے رہیں گے۔ حضورؐ نے فرمایا کہ اللہ کی کتاب جس کے مد نظر ہوگی وہ صحیح العقیدہ یعنی کتاب و سنت پر جما ہوا آدمی محفوظ رہے گا۔ مدارس میں اوپر کے درجوں کی تعلیم ہوتی ہے وہاں اساتذہ خود عصر حاضر کے فتنوں سے اچھی طرح واقف ہوں، جس طرح وہ اپنے پڑھانے والے فن میں ماہر ہوتے ہیں، وہ ملک کے حالات سے بھی باخبر رہیں، اسی طرح موجودہ دور کے فتنوں سے طلباء کو بھی باخبر کیا جائے،جب طلباء باشعور نکلیں گے تو انہیں کام کرنے میں آسانی ہوگی۔ ہمیں دفاعی اور اقدامی دونوں طرف سے کام کرنا ہے۔ چھوٹے چھوٹے پروگرام کرکے عوام کی بے شعوری کو دور کریں، عوام بے خبری ختم کرنا ہم علماء کی ذمہ داری ہے۔ ہم عوامی روابط اور تعلق کو اہمیت دیں، علاقہ کے نوجوانوں سے ان کے احوال پوچھیں، ان کے اندر پنپنے والے خلجان کو دور کریں۔ بچوں کوآسان اور عام فہم انداز میں ایمان وعقیدے کی بنیادی باتیں سمجھائیں تاکہ وہ بھی دلائل کے ساتھ بات کر سکیں۔
اس سے قبل مشاورتی اجلاس کی دوسری نشست سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سید محمد طلحہ قاسمی نے کہاکہ اگر پاکی اور ناپاکی کا اختلاط ہو تو غلبہ ناپاکی کا ہوتا ہے، دوسری بات اعتراف حقیقت کے ساتھ یہ سمجھئے لیکن وہ یہ کہ ہم ایک ہی وقت میں بہت سارے موضوعات پر گفتگو کرتے ہیں، اور باطل ایک مرتبہ میں صرف ایک ہی موضوع پر بات کرتے ہیں، اور اس کی تیاری کے ساتھ کرتے ہیں۔ اپنے ایک تجربات سے واقف کراتے ہوئے کہا کہ ہمارے لئے ضروری ہے کہ جمعہ کیلئے باقاعدہ تیاری کریں، چیزوں کو قسط وار بیان کریں۔ ہمارا انداز ایسا ہو کہ ہمارا سامع موضوع سے متعلق آئندہ کوئی غلط بات قبول ہی نہکرے۔علماء اپنا مطالعہ پختہ کریں، نوجوانوں کو جوڑنے کیلئے واٹس ایپ کا استعمال کریں، خود واٹس ایپ کے شاگرد نہ بنیں، جب تک کسی موضوع کومکمل نہ پڑھ لیں اپنی زبان نہ کھولیں۔ پڑھنے کے ساتھ ساتھ اپنے نوٹ تیار کریں تاکہ فائدہ ہو۔
مولانا امین الحق عبد اللہ قاسمی نے علماء سے اپنا موقف واضح رکھنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہم تمام علماء اور ائمہ کا وہی موقف ہے جو ام المدارس دار العلوم دیوبند کا موقف ہے۔ علماء سے اپنے اپنے علاقوں کے ائمہ کا اجتماع کرنے،انہیں حالات کی سنگینی، مو ضوع کی اہمیت،ان کے اندر جذبہ بیدار کرنے، متاثرہ علاقوں میں بڑا اجتماع کریں، متاثرہ علاقوں میں مکاتب کے قیام پر زور دیا۔
کرناٹک کے مولانا محمدنوشادنے پروجیکٹر کے ذریعہ لوگوں کو فتنوں کی سنگینی کی واقف سے کرایا۔اسی کے ساتھ کانپور کے مفتی اقبال احمد قاسمی،حافظ اقبال ملی مالے گاؤں مہاراشٹر، مفتی حارث عبد الرحیم قاسمی لکھنؤ،مولانا اکرام الدین حیدر آباد،مولانا سہیل اختر امینی مظفر نگر،سیتا پور کے مولانا ہلال قاسمی،مولانا کفایت اللہ جے پوری،مولانا زکوان قاسمی فتح پوری،حافظ محمد شہباز محمودی،قاری ضیاء الرحمن فاروقی،لکھنؤ سے محمد عاقل،مولانا ابرار الحق شاکر،مولانا محمد غالب اڑیسہ، مولانا انصار احمدجامعی اور مختلف ریاستوں سے آئے ہوئے علماء کرام نے فتنوں کے تعلق سے نے اپنے اپنے اپنے علاقوں کے حالات اور ان کے تدار کیلئے کئے جانے کاموں کی کارگزاری بیان کی۔ اس سے قبل نشستوں کا آغاز تلاوت قرآن پاک سے ہوا، نظامت کے فرائض مولانا امیرحمزہ قاسمی نے انجام دیا۔ دونوں ہی نشستوں میں تمام صوبوں سے آئے علمائے کرام شریک رہے۔
سمیر چودھری۔
سہ روزہ مشاورتی نشست کا آخری عمومی اجلاس کل۔
کانپور: جمعیۃ علماء شہرومجلس تحفظ ختم نبوت کانپورکی جانب سے جامعہ محمودیہ اشرف العلوم جاجمؤ میں مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی کی نگرانی میں سہ روزہ اجلاس جاری ہے۔ جس کی دو اہم نشستیں 9نومبر بروز جمعرات کو منعقد ہوں گی۔
پروگرام کے روح رواں جمعیۃ علماء اترپردیش کے نائب صدر وتحفظ ختم نبوت کانپور کے صدر مولانا امین الحق عبداللہ قاسمی نے کہا کہ باقی دونوں نشستیں اہمیت کی حامل ہیں۔ خصوصی طور پر آخری نشست جو 9نومبر کو بعد نمازمغرب کرسٹل لان نزد یوپی ٹینری اشرف آباد میں منعقد ہوگی وہ عوام وخواص سب کے لئے ہے۔ دونوں نشستوں میں شرکت والے اکابر علماء میں دارالعلوم دیوبند کے مہتمم حضرت مولانا مفتی ابو القاسم صاحب نعمانی، جمعیۃ علماء ہند کے صدر حضرت مولانا سید محمود اسعد مدنی، حضرت مولانا عبدالعلیم صاحب فاروقی امیر شریعت اترپردیش، حضرت مولانا سید بلال عبدالحئی حسنی صاحب ناظم دارالعلوم ندوۃ العلماء لکھنؤ، حضرت مولانا رحمت اللہ میر صاحب مہتمم دارالعلوم رحیمیہ بانڈی پورہ کشمیر، حضرت مولانا مفتی سید محمدصالح حسنی صاحب ناظم مظاہر علوم سہارنپور، حضرت مولانا شاہ افضال الرحمن صاحب شیخ الحدیث اشرف المدارس ہردوئی، حضرت مولانا مفتی سید محمد سلمان صاحب منصور پوری استاذ حدیث دارالعلوم دیوبند، حضرت مولانا حکیم الدین صاحب قاسمی ناظم عمومی جمعیۃ علماء ہند، حضرت مولانا قاری ریاض احمد صاحب مظاہری صدر القراء ندوۃ العلماء لکھنؤ اور دارالعلوم وقف دیوبند کے مہتمم حضرت مولانا محمد سفیان صاحب کے نمائندہ حضرت مولانا مفتی محمد احسان صاحب کے مفید اورقیمتی خطابات ہوں گے۔ عمومی نشست سے قبل پانچویں نشست 9نومبر بروز جمعرات صبح 8بجے سے ایک بجے تک جامعہ محمودیہ اشرف العلوم میں ہوگی۔مولانانے آخری نشست میں تمام لوگوں سے شرکت کی اپیل کی ہے۔
سمیر چودھری۔
0 Comments