کانپور: حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم اور آپ کے اولین وجانثار شاگرد حضرات صحابہ کرام ؓشریعت کی نظر میں معیار حق اور کسوٹی ہیں، ان کی پاکیزہ سیرت اور تعلیمات ساری دنیا کیلئے مشعل راہ اور نمونہ ہیں،اس عقیدے کو مدلل طور پر سمجھنے اور سمجھانے کے لئے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی تعلیمات رحمت، تعلیمات عدل و مساوات، تعلیمات امن و محبت کو اپنانے اور امت تک پہنچانے کی دینی ذمہ داری پر متوجہ کرنے اور اس کے طریقے کو جاننے کیلئے ہر سال کی طرح امسال بھی انجمن فروغ سنت کانپور کے زیر اہتمام دو روزہ مرکزی اجلاس سیرتِ صحابہ کرام اس مرتبہ02، 03 دسمبر بروز سنیچر،اتوار بعد عشاء رجبی گراؤنڈ پریڈ کانپور میں منعقد ہوں گے۔
ان خیالات کا اظہار مجلس تحفظ ختم نبوت کانپور کے ناظم اور انجمن فروغِ سنت کانپور کے رکن مولانا مفتی اظہار مکرم قاسمی نے کیا انہوں بتایا کہ ان دو روزہ اجلاس میں ملک کے جید علماء کرام و مشائخ عظام مولانا مفتی محمد راشد صاحب اعظمی استاذ حدیث و نائب مہتمم دار العلوم دیوبند،مولانا عبد العلیم فاروقی لکھنؤرکن شوری دارالعلوم دیوبند،مولانا انیس آزاد صاحب بلگرامی نقشبندی مجددی، مولانا عیسیٰ بندہ ئ الٰہی صاحب مہتمم جامعہ مدینۃ العلوم کوشامبا سورت، مولانا انوار الحق قاسمی دار المبلغین پاٹا نالہ لکھنؤ و دیگر علماء کرام و شعراء عظام تشریف لا رہے ہیں۔مفتی اظہار مکرم نے اجلاس سیرت صحابہؓ کے انعقاد کا مقصد بتاتے ہوئے کہا کہ نبی آخر الزماں حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے جانثار شاگرد، شریعت کو سمجھنے کیلئے معیار اور کسوٹی جن کے ذریعہ دین ہم تک پہنچا ان حضرات صحابہ کرام رضوان اللہ علیہم اجمعین کی ذات کو مجروح کرنے کی جو کوششیں ہورہی ہیں ان جلسوں کے ذریعہ عوام الناس تک آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھیوں کے فضائل و مناقب بیان کئے جاتے ہیں۔ تاکہ امت مسلمہ دشمنان صحابہ کے مکر و فریب سے ہوشیار ر ہیں۔مفتی اظہار مکرم قاسمی نے مزید بتلایا کہ دو روزہ اجلاس کی تیاریاں شروع کی جاچکی ہیں۔آپ سبھی اہل ایمان سے عاشقان صحابہ سے اس عظیم الشان جلسہ سیرت صحابہ میں ہزاروں کی تعداد میں شرکت کی اپیل کی ہے۔
سمیر چودھری۔
0 Comments