غزہ: اسرائیلی جارحیت کے ۷۴ ویں روز منگل کو بھی اسرائیلی فوج کے توپخانے کی بمباری اور طیاروں کے ذریعے وحشیانہ بمباری کا سلسلہ جاری رہا جس میں پناہ گزین کیمپوں، شہریوں کے مراکز اور شہریوں کے گھروں پر وحشیانہ حملے کیے گئے جن میں مزید شہری شہید اور زخمی ہوگئے۔ صحافی انس شریف نے بتایا کہ جبالیا پناہ گزین کیمپ پر اسرائیلی طیاروں کے وحشیانہ حملوں کے نتیجے میں بلاک دو میں دسیوں شہری شہید، زخمی اور لاپتا ہوگئے۔ انہوں نے بتایا کہ اسرائیلی بمباری کے نتیجے میں جبالیا میں دو صحافی اسلام بدر اور محمد احمد زخمی ہوگئے۔ نامہ نگار نے بتایا کہ اسرائیلی قابض فوج نے جبالیا میں سڑکوں پر پیدل چلنے والے ابو عواد خاندان ، ان کی گاڑیوں ، بچوں اور خواتین کو میزائل سے نشانہ بنایا جس کے نتیجے میں کئی افراد کے پرخچے اڑ گئے۔ادھر غزہ کے مختلف علاقوں اور خاص طور سے جبالیا میں غاصب صیہونی حکومت کے جارح فوجیوں اور فلسطینی مجاہدین کے درمیان شدید لڑائی ہو رہی ہے۔البریج کیمپ کے مشرق میں بھی شدید جھڑپیں ہو رہی ہیں۔ خان یونس میں شدید بمباری کے بعد دھماکوں کی شدید آوازیں سنی گئی ہیں۔صحافی رضوان اخرس نے ایکس پر لکھا کہ غزہ شہر کے الرمل محلے میں ایک عمارت پر امریکی گولوں سے اسرائیلی بمباری میں ۵۰سے زائد شہید اور درجنوں زخمی اور لاپتہ ہیں۔ دریں اثنا صیہونی ذرائع نے اعلان کیا ہے کہ گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران نو صیہونی فوجی اور فوجی افسر ہلاک ہوئے ہیں جن میں چار اعلیٰ فوجی افسر شامل ہیں۔صیہونی فوج نے فلسطینی مجاہدین کے ساتھ ہونے والی جھڑپ میں اپنے ایک بریگیڈ کے ایک اعلیٰ افسر کی ہلاکت کی بھی خبر دی ہے۔اس کے علاوہ حماس نے کل کئی ویڈیو شیئر کی تھی جس میں اسرائیلی فوجیوں کی بڑی تعداد میں ہلاکتوں کو دکھایا گیا تھا۔ تحریک حماس کی عسکری ونگ شہید عزالدین القسام بریگیڈز نے آج منگل کو اعلان کیا کہ اس کے جنگجو شہر کے وسط میں تعینات اسرائیلی قابض فوج کے ساتھ خان یونس اور شجاعیہ میں صبح سے شدید جھڑپوں میں مصروف ہیں۔ القسام بریگیڈز نے کہا کہ اس کے جنگجوؤں نے شیخ رضوان محلے میں ایک اسرائیلی گاڑی کو نشانہ بناتے ہوئے اعلان کیا کہ اس میں سوار افراد مکمل طور پر جلنے کے بعد ہلاک ہوگئے۔القسام بریگیڈز نے تصدیق کی کہ غزہ شہر کے ایک محلے شیخ رضوان محلے میں ۱۲ اسرائیلی فوجی بھی ہلاک اور زخمی ہوئے، انہیں بچانے آئی فوجی کمک پر بھی کارروائی کی جس سے شدید جھڑپیں ہوئیں، اس کے علاوہ حماس نے تل ابیب سمیت دیگر اسرائیلی شہروں پر راکٹوں سے نشانہ بنایا ۔ وہیں حرکت جہاد اسلامی کی عسکری ونگ سرایا القدس نے منگل کو کہا کہ ہمارے مجاہدین غزہ کے مشرق میں واقع الشجائیہ کے محلے التقدم محور میں مشین گنوں سے شدید جھڑپوں کے بعد دشمن کے ۷فوجیوں کو ہلاک اور زخمی کرنے میں کامیاب ہوئے۔دریں اثنا حماس رہنما اسامہ نعیم نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکی حمایت یافتہ صہیونی فوجیوں کے ذریعہ ہمارے عوام کے قتل عام سے ہمیں ہماری سرزمین سے بے گھر کرنے میں کامیاب نہیں ہوں گے۔ انہوں نے کہاکہ فاشسٹ صیہونی حکومت اپنے تمام اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہی ، وہ عوام سے اپنی ہزیمت کا بدلہ لے رہے ہیں، انہوں نے زور دے کر کہا کہ ہم اپنی سرزمین نہیں چھوڑیں گے-انہوں نے کہاکہ امریکی انتظامیہ ہمارے لوگوں کے خلاف قتل عام میں صہیونی جرائم میں برابر کی شریک ہے۔ اسرائیل کی عارضی جنگ بندی پر آمادگی کے تعلق سے انہو ںنے کہاکہ غزہ میں جارحیت رکنے سے پہلے قیدیوں کے بارے میں کوئی بات چیت نہیں ہوگی ۔ انہوں نے کہاکہ ہم عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ صہیونی جرائم کی دستاویز کے لیے غزہ کے اسپتالوں کا دورہ کریں۔عرب میڈیا کے مطابق اسرائیلی صدر آئزک ہرزوگ کے صدارتی آفس سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ اسرائیلی صدر نے جنگ بندی کا اشارہ غیر ملکی سفیروں سے گفتگو کرتے ہوئے دیا۔اسرائیلی صدر کا کہنا تھا کہ ہم یرغمالیوں کی رہائی کے لیے غزہ میں انسانی بنیادوں پر ایک اور وقفہ چاہتے ہیں۔
0 Comments